1
Friday 26 Jan 2024 23:11

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی سے ملاقات، ملاقات میں علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ صفدر نقوی، سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی، ذوالفقار علی بدر، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل اور سابق ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی موجود تھیں۔ حافظ ریاض نجفی نے زور دیا کہ سیاست کو گالم گلوچ اور بہتان بازی سے پاک ہونا چاہیئے، ہمیں قوم کو متحد کرنے کی بات کرنی چاہیئے۔ 8 فروری کے عام انتخابات کے نتیجے میں جو جماعت بھی اقتدار میں آئے، اسے غریب کی مشکلات کو حل کرنے، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے، ملکی استحکام اور قوم کو متحد کرنے کے ایجنڈے پر عمل کرنا چاہیئے، تاکہ دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہو اور ملک ترقی کرے۔

2۔ کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کا کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے رکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم (ٹی ٹی پی) کا نیٹ ورک چلانے والا ملزم عبدالہادی عرف امراللہ افغان شہری اور افغانستان کے علاقے زابل کا رہائشی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزم اپنے 6 ساتھیوں کے ساتھ مل کر کوئٹہ میں نیٹ ورک چلاتا تھا۔ گرفتار ہونے والا ملزم گذشتہ ماہ ہونے والے پولیس وین پر حملے میں ملوث تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے دیگر 6 ساتھیوں کا تعلق بھی افغانستان سے ہے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے ملزم کا بیان بھی جاری کیا گیا۔ جس میں ملزم نے بتایا کہ وہ حماد نامی شخص کے ساتھ افغانستان میں زیر تعلیم تھا۔ حماد نے اسے ٹی ٹی پی کمانڈر سے ملایا۔ جس نے بعد میں انہیں جہاد کے لئے پاکستان بھیجا۔

3۔ عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے کا اعلان، عدالتی فیصلے میں بتایا گیا کہ اسرائیل نے بڑے پیمانے پر غزہ میں کارروائیاں کیں، اس میں بڑے پیمانے ہر شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں، عدالتی فیصلے کے مطابق غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسرائیل کے حملوں سے غزہ کے انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، مزید یہ کہ عالمی عدالت انصاف کو نسل کشی کنونشن کے تحت کیس سننے کا اختیار ہے۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ اسرائیل کے خلاف غزہ میں نسل کشی کا کیس خارج نہیں کریں گے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی روکے۔ عالمی عدالت انصاف میں کیس کا فیصلہ سنانے کے دوران 17 رکنی پینل میں سے 16 ججز موجود تھے، جن میں سے 15 ججوں نے اس فیصلے کی تائید کی۔ عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقا کی درخواست پر فیصلہ سنایا ہے، عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کی کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کر دی۔

4۔ برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے فلسطین کی حمایت کرنے والوں کی جانب سے دریا سے سمندر تک کا نعرہ لگانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں بیوقوف قرار دیا اور کہا کہ یہ لوگ اسرائیل کو نقشے سے مٹانا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیل کے 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری حملوں کے خلاف ردعمل اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعاون کے لئے دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے مختلف مقامات پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں فوری فائر بندی کے نعرے کے ساتھ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ گذشتہ روز کنزرویٹو فرینڈز آف اسرائیل کے سالانہ بزنس لنچ سے خطاب کرتے ہوئے رشی سونک نے فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاجی نعروں پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دریا سے سمندر تک کا نعرہ لگاتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اور وہ اسرائیل کو نقشے سے مٹانا چاہتے ہیں، ہم کسی ایسے شخص کو قبول نہیں کریں گے، جو دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے یا یہود دشمنی پھیلاتا ہے۔

5۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں اپنی فوجی کارروائیوں کو حق دفاع میں نہیں چھپا سکتا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کی صورت حال اور کسی تصفیے پر پہنچنے کے لیے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مندوبین کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے کہا کہ اسرائیل کی اندھا دھند بمباری سے غزہ کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہوگئی، جس میں 25 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سعودی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطین کا پائیدار اور منصفانہ حل تلاش کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر غزہ کی صورت حال کے منفی اثرات سے پڑوسی ممالک اور عالمی امن و سلامتی بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کے حق دفاع کے بہانے غزہ کے خلاف عسکری کارروائی کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے۔

6۔ ناروے نے کہا ہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے بعد سے سلامتی کونسل فالج کا شکار ہے، عرب ٹی وی کو انٹرویو میں ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فالج کا شکار ہوگئی ہے۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے اس بات کی حمایت کی کہ فلسطینی اداروں کی اپنے علاقوں پر مکمل اجارہ داری ہونی چاہیئے اور اسرائیل کو ناجائز قبضے سے باز آجانا چاہیئے۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ 3 ماہ سے زائد کی جارحیت کے باوجود اسرائیل اب تک غزہ میں اپنا ایک بھی فوجی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ بحیرہ احمر پر عبور تجارتی جہازوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے لیے مختص ٹیکس فنڈز کو غیر منجمد کرنے میں ایک ثالث کے طور پر کام کرنے پر تیار ہیں۔

7۔ روس نے یوکرین کے مسئلے پر مذاکرات کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کر دیا، روس کے ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پاسکوف نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بارہا کہا ہے کہ ماسکو، یوکرین کے سلسلے میں مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ماسکو کے اہداف حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس بات کو ترجیح دیتے ہیں کہ اپنے اغراض و مقاصد سفارتکاری سے حاصل کریں اور اگر مقاصد حاصل نہ ہوئے تو جب تک مقاصد پورے نہیں ہوں گے، فوجی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ ہم ہر اس شخصیت سے مذاکرات کے خواہاں ہیں، جو منصفانہ طریقے سے عدل و انصاف کی خواہاں ہوگی اور روس اور یوکرین کے درمیاں امن چاہتی ہوگی۔ دوسری جانب امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ادرین واٹسن نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کے بارے میں ماسکو کے موقف میں آنے والی تبدیلی سے باخبر نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بات کا دارومدار خود یوکرین پر ہے کہ وہ کس طرح سے اور کب روس کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1111774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش