0
Sunday 28 Jan 2024 22:49

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ کراچی، لاہور، پشاور سمیت کئی شہروں میں پی ٹی آئی کی ریلیاں، پولیس نے کریک ڈاون کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ راولپنڈی میں این اے 56 میں ریلی نکالی گئی، جو ڈھوک رتہ سے ہوتی ہوئی سید پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ایک ریاست دو دستور نامنظور کے نعرے لگائے۔ پشاور میں بھی ریلی نکالی گئی، تاہم پولیس نے ریلی کو رنگ روڈ پر روک دیا۔ اس موقع پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس نے کئی پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ کراچی میں تحریک انصاف نے کلفٹن میں ریلی نکالی، جہاں پولیس نے 50 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ لاہور میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار میاں شہزاد فاروق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں مردوں، عورتوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، لیکن کارکنوں کی تعداد زیادہ ہونے پر راستے سے ہٹ گئی۔

2۔ ایران کی جانب سے پاکستانیوں کے قتل کی مذمت، ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا اعلان، ایران نے اپنی سرزمین میں 9 پاکستانی مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے امن دشمن عناصر کی بیخ کنی کریں گے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے سراوان میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین اور پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک کی خفیہ ایجنسیز اور تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حملہ آروں جن کی تعداد 3 تھی، ڈھونڈ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایرانی ترجمان وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ زخمیوں سے حملہ آوروں کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔

3۔ بھارت سے علیحدگی کیلئے امریکا میں خالصتان ریفرنڈم آج ہوگا، غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ریفرنڈم سکھ فار جسٹس کے زیراہتمام سان فرانسسکو میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا میں منعقد کیے جانے والے ریفرنڈم سے قبل سکھوں نے ریلیاں نکالیں، جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ خالصتان پر ریفرنڈم کا آغاز 2021ء میں 31 اکتوبر کو لندن سے ہوا تھا، جس کے بعد ریفرنڈم کے حوالے سے اٹلی اور سوئزر لینڈ میں بھی ووٹنگ ہوچکی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق خالصتان تحریک ایک آزاد سکھ ریاست کے لیے جدوجہد کی تحریک ہے، جو کہ بھارت سے الگ اور 1947ء میں بھارت اور پاکستان کی آزادی سے قبل کی طرح ہو، جب یہ خیال بھارت اور پاکستان کے درمیان پنجاب کے علاقے کی تقسیم سے قبل ہونے والے مذاکرات میں پیش کیا گیا تھا۔

4۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قطر پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی سرپرستی کا الزام دھر دیا، اسرائیلی وزیراعظم نے ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ حماس کی اعلیٰ قیادت قطر میں رہائش پذیر ہے اور حماس کو قطر فنڈنگ فراہم کرتا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ قطر کو آگے بڑھ کر حماس پر یرغمالیوں کی واپسی کے لیے دباو ڈالنا چاہیئے۔ نیتن یاہو نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے قطر پر حماس کی سرپرستی سے متعلق اپنا بیان واپس لینے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب قطری وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم کے بیان پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔

5۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے، رپورٹ کے مطابق کے سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے اسرائیل کے غزہ پر قبضے اور نسل کشی سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزیوں کو سعودی مملکت کی طرف سے واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اس معاملے میں جنوبی افریقہ کی کوششوں کو بھی سراہا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے مزید اقدامات کرے، فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور بین الاقوامی قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی کے لیے اسرائیلی قابض افواج کو جوابدہ ٹھہرائے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کا کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے کا اعلان کر دیا، تاہم جنگ بندی کا حکم دینے میں ناکام رہی تھی۔

6۔ شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحل پر متعدد کروز میزائل فائر کر دیئے، رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ شمالی کوریا نے متعدد کروز میزائل فائر کیے، جو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اس طرح کا دوسرا تجربہ ہے۔ میزائل جی ایم ٹی 2300 پر فائر کیے گئے جبکہ جنوبی کوریا اور امریکی انٹیلی جنس حکام کی جانب سے ان کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ جے سی ایس نے یہ بتائے بغیر کہا کہ کتنے میزائل فائر کیے گئے یا وہ کتنی دور تک گئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فوج امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور شمالی کوریا کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

7۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے پولیٹیکل بیورو کے ہیڈ کا کہنا ہے کہ امریکی و برطانوی بحری جہاز ہمارے لئے جائز ہدف ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز امریکہ و برطانیہ کے ساتھ ڈائریکٹ جنگ میں اترنے کے لئے پرامید ہیں۔ ہماری سرزمین پر امریکی و برطانوی فورسز کی موجودگی ہمارے لئے باعث مسرت ہو گی، کیونکہ اس طرح ہم کھل کر دشمن کے اہداف کو نشانہ بنا سکیں گے نیز ہماری قوم متحد بھی ہو جائے گی۔ محمد البخیتی نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کو چاہیئے کہ وہ غزہ پر اپنی جارحیت روک دیں، تاکہ ہم ان کے بحری جہازوں کو نشانہ نہ بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے امریکی بحری جہاز کے قریب کھڑے برطانوی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔ قبل ازیں جمعرات کو یمن کی مسلح افواج کے ترجمان "یحیی سریع" نے اسی طرح کے ایک اور واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکی بحری جہازوں کو ڈائریکٹ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ اس مہلک حملے میں دیگر دو امریکی تجارتی بحری جہاز بال بال بچے۔
خبر کا کوڈ : 1112175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش