0
Monday 29 Jan 2024 18:58

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ ایرانی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گئے، پاک ایران وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس، مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی ہم منصب اور وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ایران پاکستان کا دوست ہمسائیہ ملک ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ میں فلسطین کے مظلوم عوام کی بھرپور حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم سمجھتے ہیں کہ شیعہ اور سنی ایک ہیں، لہذا ایران فلسطینی عوام اور مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان ایران کے درمیان کسی قسم کا سرحدی تنازع نہیں، پاک ایران سرحد پر تیسرا ملک دہشتگردوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان سے آیت اللہ رئیسی کی طرف سے سرکاری دعوت نامہ موصول ہوا۔

2۔ حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے، گلگت بلتستان میں گندم کی پرانی قیمت بحال، گلگت بلتستان میں طویل احتجاج کا پہلا نتیجہ سامنے آگیا، دیگر ایشوز کے حل کیلئے کل گلگت میں مذاکرات کا دوسرا راونڈ ہوگا۔ رات دو بجے حکومت اور دھرنا قائدین میں ہونے والے مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی۔ مذاکرات کیلئے سکردو سے جانے والی مذاکراتی ٹیم روندو میں پھنس گئی، ٹیم کے ممبرز ویڈیو لنک کے ذریعے گلگت میں ہونے والے مذاکرات میں شامل ہوئے۔ حکومت کی جانب سے ابتدائی مرحلے میں گندم کی پرانی قیمت بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا، تاہم فنانس بل، ریونیو ایکٹ، صحت کارڈ اور دیگر معاملات پر مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دوسری جانب گلگت میں عوامی ایکشن کمیٹی نے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک تمام مطالبات منظور نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔

3۔ امریکی صدر کا شام میں 3 فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان، صدر جوبائیڈن نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں گذشتہ رات امریکا کے لیے بہت سخت رہی۔ ہمارے 3 بہادر فوجی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ تینوں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا جائے گا۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوجیوں پر ڈرون حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اپنے منتخب کیے گئے وقت اور انداز سے کریں گے۔ امریکی فورسز پر حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز شام کی سرحد کے قریب ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی مارے گئے تھے جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے۔ حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ 3 فوجیوں کی ہلاکت امریکا کے لیے پیغام ہے۔

4۔ امریکی وزیر خارجہ کی رہائش گاہ کے باہر فلسطین کی حمایت میں مسلسل دوسرے روز بھی مظاہرہ، رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرین نے مسلسل 2 روز سے دھرنا دیا ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ہیں، جن پر غزہ میں مکمل جنگ بندی کے پیغامات درج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن کی رہائش گاہ کے باہر فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین سڑک سے گزرنے والے کار سواروں سے ہارن بجانے کی درخواست بھی کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم نے یہاں دھرنا اس لیے دیا ہے، تاکہ حکومت کو یہ بتا سکیں کہ امریکی عوام کو اپنے ٹیکس کے پیسوں کا 13 ہزار معصوم بچوں اور 30 ہزار سے زیادہ معصوم فلسطینی شہریوں کو قتل کرنے، انہیں خوفزدہ کرنے اور بے گھر کرنے کے جرم میں استعمال ہونا کسی صورت گوارا نہیں ہے۔

5۔ ایران نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کے الزامات مسترد کر دیئے، رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملے سے ایران کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایران نے امریکا اور برطانیہ کی جانب سے اس پر عائد کردہ الزامات کو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں تین امریکی فوجی ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے تھے۔ حماس نے کہا تھا کہ فوجیوں کی ہلاکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ کی جنگ جاری رہنے کی صورت میں اگر امریکا، اسرائیل کی پشت پناہی کا سلسلہ جاری رکھتا ہے تو اسے پوری مسلم دنیا سے متصادم ہونا پڑ سکتا ہے۔ یہ حماس اور اسرائیل کے درمیان ساڑھے تین ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ میں پہلی بار کسی حملے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی اور اس واقعے کے بعد خطے میں تناو مزید بڑھنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔

6۔ شمالی کوریا کا آبدوز سے کروز میزائل داغنے کا کامیاب تجربہ، غیر ملکی میڈیا کے مطابق میزائل نے 2 گھنٹوں تک ملک کے مشرقی ساحل سے سمندر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے تجربے کا معائنہ کیا، شمالی کوریا کے حکام کے مطابق یہ میزائل تجربہ فوج کو جدید بنانے کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصد ملک کو ایک طاقتور بحری قوت بنانا ہے۔ واضح رہے چند روز قبل شمالی کوریا نے امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کی مشترکہ بحری مشقوں کے جواب میں پانی کے اندر جوہری ہتھیاروں کے نظام کا تجربہ کیا تھا۔ امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان نے حال ہی میں مشترکہ بحری مشقیں کی تھیں، جس میں امریکی جوہری صلاحیت کا حامل ایئر کرافٹ کیریئر بھی شریک تھا۔

7۔ سعودی عرب اور مصر کا فلسطینی پناہ گزینوں کیلیے فنڈنگ کی بندش پر تشویش کا اظہار، سعودی عرب اور مصر نے فلسطین کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں فوری جنگ بندی اور متاثرین تک امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل کا مطالبہ کر دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حماس کی حمایت کرنے کے الزام پر امریکا، برطانیہ اور جرمنی سمیت دیگر مغربی ممالک نے اقوام متحدہ کے ادارے ورکس اینڈ ریلیف ایجنسی کی فنڈنگ روک دی۔ جس کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان مصر کے دورے پر پہنچے اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں فنڈنگ کی بندش سے 20 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد رک جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے فنڈنگ کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پناہ گزین فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1112401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش