0
Wednesday 10 Apr 2024 18:45

لاہور، عید الفطر کے اجتماعات، فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں

لاہور، عید الفطر کے اجتماعات، فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں درجنوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے جس میں فرزندان اسلام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں اور اسرائیلی جارحیت کی پرزور انداز میں مذمت کی گئی۔ ناصر باغ میں علامہ حسن رضا ہمدانی کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں علامہ سید جواد نقوی نے نماز عید پڑھائی جبکہ جامعہ المنتظر میں علامہ غلام شبیر کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔ قومی مرکز شادمان میں علامہ نیاز عباس گھلو، مسجد الحسین اچھرہ میں علامہ حسن رضا قمی، منہاج القرآن میں علامہ حسن محی الدین قادری، منہاج الحسینؑ میں علامہ سبطین اکبر، جامعہ اشرفیہ میں مولانا فضل رحیم اشرفی، جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، داتا دربار مسجد میں علامہ رمضان سیالوی، بادشاہی مسجد میں علامہ عبدالخبیر آزاد کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔

اس کے علاوہ ماڈل ٹاون پارک، ریس کورس پارک، باغ جناح سمیت شہر بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ علمائے کرام کا اپنے خطابات میں کہنا تھا کہ اسرائیل نے جارحیت کرکے مسلم نسل کشی کا آغاز کیا ہے، افسوس کہ مسلم حکمرانوں کا رویہ اور کردار افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی بہت قریب ہے، جلد ہی امت کے افراد بیت القدس میں نماز ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جارحیت کرکے اپنی قبر کھودی ہے، اور بہت جلد اسرائیل کو نابود ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ افسوس کہ ہم امت واحدہ کے نظریہ سے ہٹ چکے ہیں، حدیث میں ہے کہ امت جسد واحد کی طرح ہے، ایک حصے میں درد ہوگا تو پورا وجود درد محسوس کرے گا۔ افسوس کہ امت واحدہ نہیں رہی۔ اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ ٹریفک کیلئے بھی اضافی نفری لگائی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 1127883
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش