0
Wednesday 17 Apr 2024 10:35

نام نہاد انتخابات حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں، شبیر شاہ

نام نہاد انتخابات حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں، شبیر شاہ
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نام نہاد انتخابی ڈراموں کی بجائے مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور مستقل حل کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔ ذرائع کے مطابق شبیر احمد شاہ جو ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ بھی ہیں، نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے بھارتی پارلیمانی انتخابات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی انتخابی مشق حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا ہے کشمیر ایک حل طلب سیاسی مسئلہ ہے جسے طاقت کی بجائے تینوں فریقوں کشمیریوں، بھارت اور پاکستان کے درمیان افہام و تفہیم اور با معنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد مطالبہ حق خود ارادیت کی فراہمی ہے اور انہیں بھارتی پارلیمانی انتخابات سے کچھ لینا دینا نہیں۔ شبیر احمد شاہ نے جموں کشمیر سے متعلق بھارتی حکمرانوں کے غیر حقیقت پسندانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویے پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ جارحانہ پالیسوں کے ذریعے زمینی حقائق تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور کشمیری عوام عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی حکمرانوں اور مقبوضہ علاقے میں ان کے آلہ کاروں کے کھوکھلے نعروں کو رد کر چکے ہیں اور وہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت اس وقت ہزاروں کشمیری جیلوں میں نظربند ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے سارے حقوق سلب کر لیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش