0
Wednesday 17 Apr 2024 15:27

رجیم چینج پر بیان، تحریک انصاف نے شیر افضل مروت سے اظہار تعلقی کر دیا

رجیم چینج پر بیان، تحریک انصاف نے شیر افضل مروت سے اظہار تعلقی کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت سے اظہار لاتعلقی کر دیا۔ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار بارے بیان پر اظہار لاتعلقی کیا گیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی ایماء پر بطور مرکزی ترجمان جماعت کے رہنما شیر افضل مروت کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دیکر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں۔ ترجمان نے کہا کہ شیر افضل مروت کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا مؤقف کی کسی طور پر بھی غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں۔ یہ کلیتاً ان کی ذاتی رائے تو ہو سکتی ہے، جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے، جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے مابین باہمی احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے، جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کیطرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں اور سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمنّاؤں کے اظہار کیساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش