0
Thursday 29 Oct 2009 14:02

توانائی کا بحران،ایران پاکستان کو 1100 میگا واٹ بجلی دینے کیلئے تیار ہے،قونصل جنرل

توانائی کا بحران،ایران پاکستان کو 1100 میگا واٹ بجلی دینے کیلئے تیار ہے،قونصل جنرل
کراچی:کراچی میں تعینات ایران کے قونصل جنرل مسعود محمد زمانی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کو 1100 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے پر تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سٹی کونسل کراچی کے اجلاس میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے سٹی نائب ناظم نسرین جلیل کی دعوت پر خصوصی طور پر شرکت کی ایر انی قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کا حل ایران سے کئے گئے توانائی کے معاہدوں پر عملدرآ مد میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران گوادر کو 35  میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے اور توانائی کے بحران کے حل کیلئے مزید 1100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کراچی شہری حکو مت کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کراچی کے ثقافتی اور روحانی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے کراچی سٹی کونسل کو پروگرام منعقد کرنے چاہئیں اور اس سلسلے میں ایرانی قونصلیٹ بھی مدد کرنے کو تیار ہے ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاک ایران تعلقات کو مضبوط رشتے میں استوار کرنے کے لئے دونو ں ممالک کی سطح پر وفود کا تبادلہ ہونا چاہئے انہوں نے سٹی کونسل کے وفد کو ایران کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر سٹی کونسل میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے بھی خطاب کیا اور ایران میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھی دہشت گردی کی کارروائیوں کا سامنا ہے جس کا مقابلہ دونوں ممالک کو مل کر کرنا ہوگا۔ قبل ازیں سٹی نائب ناظم اور اجلاس کی کنوینر نسرین جلیل نے خطاب کرتے ہوئے ایران کے قونصل جنرل کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس شہر کے منتخب نمائندوں کی کو ششوں سے نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر میں فرقہ واریت کا خاتمہ ہوا اس شہر کی حق پرست نمائندہ جماعت کی یہ بڑی کامیابی ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل کے اس ایوان میں ایک عمدہ اور خوشگوار ماحول کی فضا اس لئے موجود ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے کراچی کو استحکام ملا اور امن کی فضا قائم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کرا چی میں کئی ایرانی باشندے بھی رہائش پذیر ہیں جن کا کراچی کی ترقی میں اہم کردار ہے بدقسمتی سے پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے۔ اور اب ایران بھی اس سے متاثر ہوا ہے۔ نسرین جلیل نے کہا کہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ ہم اس دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کریں۔ اجلاس جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے جاری رہا قائد ایوان آصف صدیقی،شمیم ممتاز،جمن دروان، رفیق احمد، ڈاکٹر ضیاء اور ارشد قریشی نے بھی ایر انی قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایران دوستی مستحکم ہے اور مستقبل میں بھی مستحکم رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 14083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش