0
Monday 26 Mar 2012 15:31

مظلوموں کو وحدت کی لڑی میں پرو کر طاقتور بنائیں گے، قرآن و اہلبیت ع کانفرنس

مظلوموں کو وحدت کی لڑی میں پرو کر طاقتور بنائیں گے، قرآن و اہلبیت ع کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام نشتر پارک میں منعقدہ قرآن و اہلبیت ع کانفرنس میں شرکت کیلئے نماز ظہرین کے بعد سے ہی شرکاء کے قافلے نشتر پارک پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ جلسے میں شرکت کیلئے اہل تشیع کی کراچی کے مختلف علاقوں سے 1000 سے زائد ٹرانسپورٹ بسیں جبکہ اندرون سندھ کے دیگر شہروں سے 500 سے زائد ٹرانسپورٹ بسیں شرکاء کو لے کر نشتر پارک پہنچیں۔ ان بسوں کو ایم اے جناح روڈ پر سی بریز اسپتال سے لیکر پرانی نمائش تک پارک کیا گیا تھا جبکہ شرکاء پرائیوٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر ریلیوں کی شکل میں جوق در جوق نشتر پارک پر آتے رہے۔ اس دوران جلسہ گاہ کے اطراف اور پرانی نمائش سے نشتر پارک تک شرکاء کیلئے پانی اور شربت کی درجنوں سبیلیں لگائی گئی تھیں۔

شرکاء جلسہ کی رہنمائی کیلئے نشتر پارک کے اطراف پرانی نمائش، گرومندر اور سولجر بازار نمبر 2 پر اسکاؤٹس کیمپ لگائے گئے تھے۔ جبکہ 10 سے زائد اسکاؤٹس گروپ کے ڈھائی ہزار سے زائد رضا کار شرکاء جلسہ کی رہنمائی کیلئے جلسہ گاہ کے اطراف، پرانی نمائش چورنگی، امام بارگاہ علی رضا، گرومندر چورنگی، سولجر بازار پر موجود تھے جلسہ گاہ مین خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، اس موقع پر نشتر پارک اور اس کے اطراف کے راستوں کو مجلس وحدت مسلمین کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔ جبکہ نشتر پارک کے سولجر بازار گیٹ کے قریب مقررین کے لیے بنائے گئے اسٹیج کے پر ایک خوبصورت اسکرین لگائی گئی تھی، جس پر حضرت امام خمینی، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید قائد علامہ سید عارف الحسین الحسینی کی تصاویر کے علاوہ روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کا عکس موجود تھا، اسکرین پر ''پاکستان بنایا تھا ۔۔۔۔ پاکستان بچائیں گے'' کا نعرہ بھی درج تھا۔

جلسہ کے دوران نماز مغرب کا وقفہ بھی دیا گیا اور شرکاء نے نشتر پارک میں نماز مغربین ادا کی، نماز مغرب کے ایک بار پھر جلسہ کا آغاز ہوا تو نشتر پارک ''لبیک یا حسین ع'' کے نعروں سے گونج اٹھا، شرکائے جلسہ نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر والہانہ انداز میں لبیک یاحسین ع کے نعرے لگائے جلسہ کے آغاز سے نماز مغرب تک نشتر پارک کی جانب مسلسل شرکاء کی آمد کا سلسلہ جاری رہا اور نشتر پارک شیعان حیدر کرار سے امڈ آیا، شرکاء کا رش ایم اے جناح روڈ تک جا پہنچا،
جس کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش سے گرومند اور نمائش سے سی بریز پلازہ جانے والی شاہراہ بھی شرکاء سے بھر گئی۔

جلسہ سے خطاب ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، آئی ایس او کے مرکزی صدر رحمٰن شاہ، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر رزاق بلوچ، مولانا امین شہیدی، مولانا حسن ظفر نقوی، علامہ اعجاز بہشتی، مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین، مولانا شیخ نیئر عباس، مولانا علی مرتضیٰ زیدی، مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا سبیل حسن مظاہری، مولانا ہاشم موسوی، مولانا عبدالخالق اسدی، مولانا شیخ شفاء نجفی، مولانا باقر زیدی، علامہ فرقان عابدی و دیگر نے کیا، جبکہ نظامت کے فرائض علامہ آفتاب حیدر جعفری، مبشر حسن، سہیل مرزا اور سلمان حسینی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر علمائے کرام، ذاکرین عظام، شعرائے کرام کے علاوہ ماتمی انجمنوں اور دیگر تنظیموں کے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔

اپنے خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ انشاءاللہ بیداری کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، ہم ملک و قوم کے تمام طبقات سے رابطے کر رہے ہیں، انشاءاللہ یکم جولائی کو مینار پاکستان لاہور میں شہید قائد کی قرآن و سنت کانفرنس کی یادیں تازہ کریں گے، بیداری کے اس سلسلہ کو آگے بڑھانا ہمارا نصب العین ہے، اس ضمن میں مظلوموں کو وحدت کی لڑی میں پرو کر طاقتور بنائیں گے اور اسی طاقت سے ظالموں کو ملک سے نکال باہر کریں گے۔

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر رحمان شاہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہماری تاریخ شاہد ہے کہ ہم نہ کبھی جھکے، نہ بکے۔ ہمیں ہر محاذ پر بچھی ہوئی صفوں میں تلاش کیا جا سکتا ہے، آج کی تمام اسلامی تحریکوں کے رہنما امام حسین ع ہیں ہم جانتے ہیں کہ ہماری شہادتوں میں سامراجی حکومتوں کا ہاتھ ہے اور یہ سب ہماری نظروں میں ہے۔ ہماری خاموشی کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، خدا کی قسم ہم حق کا دامن کبھی نہیں چھوڑیں گے اور وقت آنے پر اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے۔ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر رزاق بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ہر چیز قرآن و اہلیبیت ع سے لی ہے۔ ہماری تاریخ، ہمارا کردار، ہمارا عمل گواہی دے گا ہم نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ہے۔ کبھی ہم نے ابوذر بن کر، کبھی میثم اور کبھی مختار بن کر سب کو حق کا پیغام دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 148262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش