0
Tuesday 22 May 2012 14:35

وکلاء اور ججز کی کوششوں سے انصاف کا بول بالا ممکن ہے، محمد حسین محنتی

وکلاء اور ججز کی کوششوں سے انصاف کا بول بالا ممکن ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام نے عدل کے قیام پر بہت زور دیا ہے، انصاف نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ انارکی کا شکار ہے، عدلیہ عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے، وکلاء اور ججز کی کوششوں سے عدل و انصاف کا بول بالا ممکن ہے، جماعت اسلامی ملک کو مدینے جیسی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے جہاں انصاف گھر کی چوکھٹ پر میسر ہو۔ اسلامک لائرز موومنٹ، پاکستان کو عدل و انصاف کا گہوارا بنا کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں اسلامک لائرز موومنٹ کے نو منتخب عہدیداران اور ممبران کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری مسلم پرویز، ناظم نشر و اشاعت زاہد عسکری، صدر I.L.M عبدالوحید ایڈووکیٹ، نائب صدر شاہد علی ایڈووکیٹ، اقبال عقیل ایڈووکیٹ، جاوید اقبال ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ انصاف کا قیام معاشرے اور حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وکیل کو چاہیے کہ حقائق کو دلائل کے ساتھ پیش کرے اور قانون کی ترجمانی کرے، جج کو بھی چاہیے کہ تمام تر تعلقات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عدل کی بنیاد پر فیصلہ کرے کیونکہ ناحق کا ساتھ دینے والے اللہ کو سخت نا پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں ناانصافی کی بڑی وجہ عدلیہ خود ہے جو لوگوں کو انصاف دینے سے قاصر ہے، لوگ در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں مگر ان کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی۔ ان حالات میں I.L.M کو بڑی پیش رفت کی ضرورت ہے، اگر آپ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں تو ملک میں انصاف کا بول بالا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ I.L.M کے قیام کا مقصد عدل کا قیام اور وکلا و ججز تک دین کی دعوت پہنچانا ہے، آپ کو ایک اچھے پروفیشنل کے ساتھ خود کو ایک اچھا مبلغ اور داعی بھی ثابت کرنا ہے کیونکہ وقت کا تقاضا ہے کہ حق کی آواز ہر پلیٹ فارم سے بلند کی جائے۔ WIL فورم کا قیام خوش آئند ہے، نوجوان وکلا کو اپنے ساتھ ملائیں اور غلبہ دین کے کام میں ان کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں۔ اس موقع پر عبدالوحید ایڈووکیٹ نے I.L.M کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے عدلیہ بحالی تحریک میں بغیر کسی لالچ کے ایک عظیم کاز کیلئے جدوجہد کی جس کے باعث آج عدلیہ آزاد ہے۔ بار کے انتخابات مین بھی I.L.M خاص اہمیت کی حامل ہے، ہمارے کسی ممبر پر کسی بھی قسم کا کوئی الزام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی سوچ کے حامل وکلا کو ساتھ ملا کر ہم پاکستان کو انشاءاللہ عدل و انصاف کا گہوارا بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 164303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش