0
Monday 12 Nov 2012 19:52

ٹارگٹ کلنگ فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، ثروت اعجاز قادری

ٹارگٹ کلنگ فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاسی جادو گر فرقہ واریت کے نام پر جادو گری دکھا رہے ہیں کراچی میں دہشت گرد بے گناہ شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، دہشت گردوں کو لگام دینے والا کوئی نہیں، ٹارگٹ کلرز کے سامنے سیکورٹی ادارے بے بس ہیں، بے گناہ شہریوں کی قتل وغارتگری سے عوام خوفزدہ ہوگئے ہیں، نہ جانے روشنیوں کے شہر کو کس کی نظر کھا گئی ہے، دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے بغیر ٹارگٹ کلنگ کو روکنا مشکل ہے۔

کراچی میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور سیکورٹی ادارے کلرز کے سامنے بے بس ہیں، عوام اپنی جان و مال کا تحفظ خود کریں مشکوک افراد پر گہری نگاہ رکھیں، حکومت عوام کی جان و مال کو تحفظ اور دہشت گردوں کو لگام نہیں دے سکتی تو ازخود مستعفی ہو جائے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ موجودہ ٹارگٹ کلنگ فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے،اس سازش کو جلد ناکام نہیں بنایا گیا تو حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، بیرونی و سامراجی قوتیں کراچی کے حالات کو تہہ و بالا کر کے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتی ہیں، بیرونی واندرونی سازشوں کو یکجہتی سے ناکام بنانا ہو گا، وفاقی و صوبائی حکومتیں ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کیلئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کریں، مصلحت پسندی کے لبادے کو اُتار کر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ جس دن حکومت نے مصلحت پسندی سے بالاتر ہو کر قیام امن کیلئے مثبت فیصلے کرنے شروع کر دیئے تو شہر کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو جائیں گی اور ٹارگٹ کلرز، بھتہ مافیا اپنے کیفرکردار کو پہنچیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم کے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو چاہئے کہ مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں اور پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے اپنے آپ کو پیش کریں۔
خبر کا کوڈ : 211297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش