0
Monday 10 Dec 2012 21:27

پاکستان سنی تحریک نے سنی اتحاد کونسل سے علیحدگی اختیار کرلی

پاکستان سنی تحریک نے سنی اتحاد کونسل سے علیحدگی اختیار کرلی
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جس بنیاد پر سنی اتحاد کونسل کا حصہ بنے تھے اس کی خلاف ورزی کی گئی، اسی بنا پر آج ہم اس اتحاد سے آزاد ہوگئے، آب آئندہ انتخابات اپنی آزاد حیثیت میں اپنی شناخت کے ساتھ حصہ لیں گے، انتخابات کے حوالے سے فنکشنل لیگ سمیت دیگر جماعتوں سے ملک گیر سطح پر کافی پیش رفت ہوچکی ہے، جلد نیا سیاسی اتحاد وجود میں آئے گا، کراچی کی بدامنی میں کالعدم فرقہ وارانہ تنظیمیں بڑی ذمہ دار ہیں، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی، فائرنگ اور بے ضابطگیاں قابل مذمت ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ سانحہ نشتر پارک کے از خود نوٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں، آئندہ انتخابات ملک بھر میں فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں اور فوج پولنگ اسٹیشن کے اندربھی تعینات ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مرکز اہلسنّت پر مرکزی و صوبائی رہنماؤں کے 2 روزہ ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں پیر کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک میں موجودہ حکمرانوں کو اپنے جمہوری دور میں عوام کو ریلیف دینا تھا، مگر افسوس یہ کام سپریم کورٹ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ CNG کی کم قیمتوں کی طرح پیٹرولیم مصنوعات پر بھی ریلیف ملنا چاہیے جب کہ ملک میں بدستور توانائی کا بحران موجود ہے، اس کے باوجود سپریم کورٹ نے عوام کو ریلیف دینے کا راستہ نکال لیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ نشتر پارک کے لیے سپریم کورٹ کے ریمارکس ہمارے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہے اور ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سانحہ نشترپارک کے از خود نوٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دہشت گردی کا راستہ روکا جاسکے۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کالعدم فرقہ وارانہ تنظیموں کو منصوبہ بندی کے تحت بلوچستان میں پروان چڑھایا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی عروج پر ہے اور قتل غارت گری کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی کالعدم تنظیمیں ہیں جو کراچی کی بدامنی کی بڑی ذمہ دار ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اب سندھ و ملک گیر سطح پر نیا سیاسی اتحاد جلد وجود میں آئے گا اور اس حوالے سے فنکشنل مسلم لیگ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ نئے سیاسی اتحاد سے ملک و قوم کو فائدہ ہوگا اور پی ایس ٹی نے مرکزی سیاسی کمیٹی تشکیل دی ہے جو آئندہ الیکشن میں محب وطن سیاسی جماعتوں سے سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کرے گی اور رابطوں کے لیے مکمل اختیار دے دیا گیا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پی ایس ٹی کے تحت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی کے عرس کے سلسلے میں ملک بھر میں یوم رضا کانفرنس کا انعقاد ہوگا۔ جب کہ کراچی میں 29,21 اور 30 دسمبر کو یوم رضا کانفرنس کا انعقاد ہوگا۔ جبکہ شہداء عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اور پی ایس ٹی کے بانی و قائد شہید محمد سلیم قادری کے عرس کے سلسلے میں جاں نثاران مصطفی (ص) کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 22 فروری 2013ء حیدر آباد میں آزاد پاکستان کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس کا مقصد عوام میں سیاسی شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں جس میں کراچی میں از سر نو حلقہ بندیوں اور ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کا حکم دیا گیا ہے۔ پاک فوج اور ایف سی کی خدمات سے دھاندلی کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک سمجھتی ہے کہ جمہوری اداروں میں غیر جمہوری ادارے کی مداخلت نہ مناسب ہے۔
خبر کا کوڈ : 220019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش