0
Friday 8 Feb 2013 21:32

آزادی پسند قیادت قربانیوں کی امین ہے، شہداء کے خون سے کھلواڑ نہیں ہوگا، علی گیلانی

آزادی پسند قیادت قربانیوں کی امین ہے، شہداء کے خون سے کھلواڑ نہیں ہوگا، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ شہید محمد مقبول بٹ کو انکی 29 ویں برسی پر سید علی گیلانی نے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ انہوں نے 11 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں حسب معمول ہڑتال کرنے کی کال دی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے نئی دہلی سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ مقبول بٹ کشمیری قوم کے ایک مایہ ناز سپوت تھے، جنہوں نے بھارت کے جبری قبضے کے خلاف نہ صرف آواز بلند کی، بلکہ اس راہ عزیمت میں تختہ دار کو بھی چوما، آج جب ان کی شہادت کے 29 سال پورے ہو رہے ہیں آزادی کی جنگ لڑنے والوں کے لیے کئی باتیں قابل غور اور قابل فکر بن کر کھڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید مقبول بٹ کو تہاڑ جیل میں پھانسی چڑھائے جانے کے بعد سے آج تک مزید ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں نے حصول آزادی کی خاطر خوشی خوشی اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں ہیں اور آج بھی اس راہ میں قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ اور دیگر لاکھوں شہداء کے خون کا خراج یہ ہے کہ ہم ان کے مشن کو ہرصورت میں زندہ رکھیں اور حصول آزادی تک کسی کمزوری یا شکست خوردگی کا مظاہرہ نہ کریں۔
 
سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ جو لوگ بھارت کی فوجی طاقت سے مرعوب ہوکر مایوس ہوتے ہوں، انہیں کوئی حق نہیں کہ شہداء کی برسیاں منائیں یا ان کے مزارات پر پھول چڑھائیں، قوم کو یکسوئی اور حوصلے کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج پیش کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہم مصمم ارادہ کریں کہ بھارت کے جموں و کشمیر پر جبری قبضے کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور اگر ہماری زندگی میں ایسا نہیں بھی ہو سکا تو اس تحریک کو آئندہ نسلوں کے لیے منتقل کریں گے، لیکن بھارت کے جبر کے آگے کسی بھی طرح کی کمزوری کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 238161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش