0
Friday 12 Jul 2013 22:41

شدت پسند تعلیم کی طاقت سے خوفزدہ ہیں، ملالہ

شدت پسند تعلیم کی طاقت سے خوفزدہ ہیں، ملالہ
اسلام ٹائمز۔ اقوامِ متحدہ نے 12 جولائی کو جو کہ ملالہ کا یومِ پیدائش ہے، ’ورلڈ ملالہ ڈے‘ یا عالمی یومِ ملالہ قرار دیا ہے اور اس دن کا مقصد دنیا میں ہر بچے کے لئے تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے جدوجہد کرنا ہے۔ ملالہ جمعہ کو اپنی 16ویں سالگرہ کے موقع پر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر میں دنیا کے 80 ملکوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی منفرد جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’ملالہ ڈے صرف میرا دن نہیں۔ آج کا دن ہر اس لڑکی اور لڑکے کا دن ہے جس نے اپنی آواز اپنے حقوق کے لئے اٹھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان کی آواز ہوں جن کی آواز کوئی نہیں سن رہا۔ وہ جو پرامن ماحول میں رہنے اور تعلیم کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے ان لاکھوں افراد میں سے ایک ہیں جو دہشتگردوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوئے اور طالبان کا خیال تھا کہ ان کی گولی ہمیں خاموش کر دے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس گولی سے کمزوری اور ناامیدی مر گئی جبکہ طاقت اور حوصلے کو نئی زندگی ملی۔ ’میں وہی ملالہ ہوں۔ میرے عزائم، امید اور حوصلہ وہی ہے۔

ملالہ نے کہا کہ ہمیں قلم اور کتاب کی اہمیت کا اندازہ بندوق دیکھ کر ہوتا ہے۔ شدت پسند تعلیم کی طاقت سے خوفزدہ ہیں۔ وہ خواتین سے ڈرتے ہیں۔ وہ تبدیلی اور اس برابری سے خوفزدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قلم اور کتاب دنیا کے سب سے طاقتور ہتھیار ہیں۔ ایک طالبعلم، ایک استاد، ایک قلم اور ایک کتاب دنیا تبدیل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ میں ہر بچے کی تعلیم کے حق کی بات کرنے آئی ہوں اور طالبان اور دیگر شدت پسندوں کے بچوں کے لئے بھی تعلیم چاہتی ہوں۔ ملالہ نے کہا کہ تعلیم ہی سب مسائل کا واحد حل ہے اور تعلیم ہی سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔ ملالہ نے اقوامِ متحدہ سے خطاب کرنے کا موقع ملنے کو اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیا اور تقریر میں ان لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کی صتحیابی کے لئے دعا کی۔

خیال رہے کہ ملالہ ڈے کے موقع پر بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم سیو دی چلڈرن نے دنیا کے شورش زدہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کے حوالے رپورٹ بھی شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2011 میں پاکستان میں شدت پسندوں کے حملے میں 152 سکول تباہ ہوئے۔ اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں سکول جانے کے عمر کے تقریباً 54 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے ہیں جبکہ پاکستان میں پرائمری تعلیم پر خرچ ہونے والے رقم دفاعی اخراجات کے مقابلے میں 7 گنا کم ہے۔
خبر کا کوڈ : 282455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش