0
Sunday 1 Sep 2013 09:25

بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، راجہ افتخار احمد

بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، راجہ افتخار احمد

اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء راجہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ دس سال مسئلہ کشمیر سرد خانے میں پڑا رہا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتے ہی یہ فلش پوائنٹ بن گیا ہے۔ دنیا بھارت کے سامنے معذرت خوانہ رویہ ترک کرے اور بھارت اقوام عالم سے کشمیریوں کو حق استصواب رائے دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ منگلاڈیم متاثرین اور اوورسیز کشمیری اپنا حق چھیننا سیکھیں کیونکہ حق مانگنے سے نہیں ملتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف سیاسی، سماجی شخصیت و سابق صدر پی ایس ایف ڈڈیال ساجد حسین مغل کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ تقریب کی نظامت شفیلڈسٹی کے کونسلر مرزا محمد معروف ایڈووکیٹ نے کی جبکہ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر مڈلینڈ کے صدر راجہ امجد خان نے کی۔ اس موقع پر کل جماعتی انٹرنیشنل کشمیر رابطہ کمیٹی کے سپریم ہیڈ مولانا بوستان قادری، کونسلر محمد ادریس، پاکستان مسلم لیگ (ن)  آزاد کشمیر برطانیہ کے نائب صدر راجہ ثقلین خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اوورسیز ویلفیئر کے چیئرمین راجہ فرید خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر یوتھ ونگ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری تصور نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

راجہ افتخار نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے نہتے شہریوں کی ہلاکتوں پر برطانیہ بھر میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے اور اقوام متحدہ، عالمی طاقتوں اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھارتی جارحانہ کارروائیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ عالمی برادری نے موجودہ کشیدگی کا نوٹس نہ لیا تو خطہ جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری سے متعدد بے گناہ شہری شہید ہو چکے ہیں۔  بھارتی فوج کی درندہ صفت کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو آزادی کی منزل سے دور نہیں کرسکتا۔ 66 برس سے کشمیری عوام حق خود ارادیت اور بھارتی وعدوں کے ایفاء پورا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں لیکن آئے روز کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے جنوبی ایشیا کے اس خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ 

دیگر مقررین نے کہا کہ بلااشتعال فائرنگ قابل مذمت اور باعث تشویش ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے سوا ممکن نہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ بھارتی فوج کی دہشت گردی سے بے گناہ اور معصوم لوگوں کا قتل عام ناقابل برداشت ہے۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بھارتی طرز عمل خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔ عالمی طاقتیں بھارت کو برصغیر جنوبی ایشیا کے اس خطے کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ بھارت نے بے گناہ نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا کر اور مقبوضہ کشمیر میں فوج کشی کرکے کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیری بھارت کی تمام سازشوں اور منفی ہتھکنڈوں کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیرکی کنٹرول لائن پر آئے دن فائرنگ کے واقعات قابل افسوس ہیں۔ بھارت کی طرف سے اشتعال انگیز حملوں کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ میرپور آزادکشمیر میں واپڈا حکام اور حکومت وقت کی بدترین لام بندی کے سبب مقامی متاثرین منگلا ڈیم کے کروڑوں اربوں مالیت کے رہائشی مکانات ڈیم کے پانی کی نذر ہو رہے ہیں اور میرپور کے لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر نقل مکانی کرنے پر مجبور کیا گیا۔ مقامی متاثرین کے جذبات خیالات اور احساسات بھی سنے جائیں تو ہر متاثر کی دردناک داستان ہے جو عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے کھوکھلے نعرے لگانے والی حکومتوں کو منہ چڑا رہی ہے۔ موجودہ آزاد کشمیر حکومت ہمارے آبائواجداد کی قبروں پر سیاست کر رہی ہے۔ یہ حق لینے کیلئے اگر اوورسیرز کشمیری ایک واضح موقف اپنائیں تو ہمیں اپنا حق مل سکتا ہے۔ کیونکہ حق ہمیشہ چھین کر ہی لیا جا سکتا ہے۔ ہر طرف کشمیری ہی کیوں قربانیاں دیں۔ استقبالیہ تقریب میں چوہدری عبدالرحمن آف چکسواری، چوہدری ساجد چوہان، مرزا سخاوت میرپور، ایاز اقبال، اظہر اشرف، ماسٹر قیوم مغل، مرزا بشارت ٹھارہ اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

خبر کا کوڈ : 297424
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش