0
Wednesday 18 Sep 2013 18:10

طالبان نے خود ہی مذاکرات کی میز الٹا دی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

طالبان نے خود ہی مذاکرات کی میز الٹا دی ہے،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ فوجی افسروں کو شہید کرنے والے پاکستان کے غدار اور باغی ہیں، پاکستانی طالبان ملک دشمن طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں، دہشت گردوں نے مذاکرات سے پہلے ہی فوجی افسروں پر حملہ کر کے مذاکرات کی میز الٹا دی ہے، آرمی چیف کا طاقت کے زور پر دہشت گردوں کی شرائط قبول نہ کرنے کا بیان جرأت مندانہ اور قوم کی آواز ہے، آرمی چیف کے بیان سے قوم کو نیا حوصلہ ملا ہے،سانحۂ اپردیر میں شہید ہونے والے فوجی افسر قومی ہیرو ہیں، طالبان نے مذاکرات کی حکومتی دعوت کا جواب فوجی افسروں کی شہادت کی صورت میں دے کر امن دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب حکومت کو بھی مذاکرات کی رٹ چھوڑ کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکسو ہو جانا چاہیے اور یہ سوچ لینا چاہیے کہ ملک، عوام اور آئین دشمن عناصر کے ساتھ مذاکرات قیام امن کی کبھی ضمانت نہیں بن سکتے، حکومت کی طرف سے دہشت گردوں کو غیرمشروط مذاکرات کی پیشکش حکومتی کمزوری کی علامت ہے،دہشت گرد انتہاپسندی پر مبنی اپنے ایجنڈے کی ہر صورت تکمیل چاہتے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارتی آبی دہشت گردی خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے، پانی کا معاملہ ملکی سلامتی و بقا کے لیے انتہائی اہم ہے، اس معاملے کو حکومت کو غفلت نہیں برتنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تنازعات میں الجھا کر کمزور کیا جا رہا ہے، قیام امن کے لیے قانون کی بالادستی ضروری ہے، مودی کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی بھارتی مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے کیونکہ مودی ہزاروں بھارتی مسلمانوں کا قاتل ہے، مصر میں فوجی اور شام میں عوامی بغاوت امریکہ کے ایما پر کی گئی، دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پچھلے دس سالوں میں پانچ ہزار فوجی افسران اور جوان دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ کر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 303022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش