0
Tuesday 19 Nov 2013 20:47

کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں، سنی اتحاد کونسل

کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے کے مرکزی رہنما ارشد جاوید مصطفائی نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل فرقہ وارانہ قتل و غارت کے خلاف جمعہ 22 نومبر کو ملک گیر ’’یومِ امن و محبت‘‘ منائے گی۔ اس روز ملک بھر میں اہلسنّت کی اڑھائی لاکھ مساجد میں ’’اسلام امن و سلامتی کا علمبردار‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ ہوں گے اور علمائے اہلسنّت قتل ناحق کے خلاف اور انسانی جان کی حرمت کے حق میں تقریریں کریں گے اور جمعہ کے اجتماعات میں سانحۂ راولپنڈی کے خلاف مذمتی قردادیں پیش کی جائیں گی، سانحۂ راولپنڈی کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ فساد فی الارض سب سے بڑا گناہ اور جرم ہے۔ تمام مکاتب فکر زندہ رہو اور زندہ رہنے دو کا اصول اپنائیں۔ ’’اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور دوسرے کا مسلک چھیڑو نہیں‘‘ کی روش اختیار کرنا ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت علماء پاکستان ضلع قصور کے صدر علامہ علی حسن رضوی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا اہلسنّت پرامن ہیں اور قوم کو پرامن رہنے کا پیغام دیتے ہیں، سانحۂ راولپنڈی سنی شیعہ نہیں شیعہ دیوبندی جھگڑا ہے۔ اہلسنّت صوفیا کے نظریات اور تعلیمات کے امین ہیں۔ اہل حق فتنہ و فساد، فرقہ واریت اور مسلکی منافرت پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔ حکومت غیر ملکی اسلحہ اور ڈالر سے ملک عزیز کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والی جماعتوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نبٹے کیونکہ اس کے بغیر ملک میں امن و امان کے قیام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے گا، تمام مسائل کی جڑ کالعدم تنظیمیں ہیں، کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن حکومت کی سستی کی وجہ سے سپاہ صحابہ اہل سنت والجماعت کا نام استعمال کر رہی ہے حکومت اور عدلیہ کو چاہیے کہ سپاہ صحابہ کو نئے نام سے کام کرنے سے روکیں، ملک میں آگ لگی ہے اور وزیراعظم کو غیر ملکی دوروں سے فرصت نہیں، نفرتیں پھیلانے والے قومی مجرم ہیں، ملک میں آگ اور خون کے کھیل کو روکنے کے لیے قومی قیادت اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 322570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش