0
Thursday 19 Dec 2013 01:07

سی آئی اے کے ایجنٹ ملک میں تخریب کاری کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ڈاکٹر وسیم اختر

سی آئی اے کے ایجنٹ ملک میں تخریب کاری کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ڈاکٹر وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پشاور میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی آئی اے کے ایجنٹ ملک میں تخریب کاری کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی لمحہ فکریہ ہے۔ وطن عزیز میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کے لئے دشمن قوتیں متحرک ہیں۔ اگر حکومت نے ان سازشوں کا قلع قمع نہ کیا تو شدید نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان سینیٹ کی جانب سے ڈرون حملوں کو پاکستان کے لئے مفید قرار دینے والے یہ مت بھولیں کہ وہ امریکی سینٹ کے نہیں بلکہ پاکستان کی سینٹ کے رکن ہیں اور انہیں پاکستان کے مفاد میں بات کرنی چاہئے۔ امریکہ کھلم کھلا ڈرون حملوں کے ذریعے ملکی حدود کی خلاف ورزی کررہا ہے اور حملوں میں خواتین، معصوم بچوں کو شہید کر رہا ہے۔ امریکی نام نہاد جنگ نے ملکی معیشت کو 100 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا اور 50 ہزار بے گناہ افراد کو نگل لیا ہے۔ ایک طرف امریکہ افغانستان سے انخلاء چاہتا ہے تو دوسری طرف وہ اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتاہے۔

وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور فی الفور اس جنگ کو خیرباد کہہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی عزت، وقار اور سلامتی سب کچھ دائو پر لگ چکا ہے۔ سابقہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ آج 18 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔ غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینک دینے تک ملک میں خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ وطن عزیز کو مخلص قیادت میسر آجائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کب تک لاشیں اٹھاتی رہے گی۔ معیشت کا خسارہ برداشت کرے گی۔ عوام نے جو مسلم لیگ کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے اس کا احترام کیا جائے اور ایسی پالیسیاں نہ بنائی جائیں جن سے پاکستان کا نام دنیا میں رسوا ہوتا ہو۔ جماعت اسلامی نے امریکی جارحیت کے خلاف شروع دن سے علم بلند کر رکھا ہے اور انشاء اللہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مکمل انخلاء تک یہ تحریک جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 332007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش