0
Thursday 13 Feb 2014 09:38

کراچی، پولیس بس پر خودکش حملہ، ‌11 اہلکار جاں بحق 39زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

کراچی، پولیس بس پر خودکش حملہ، ‌11 اہلکار جاں بحق 39زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ شاہ لطیف ٹاؤں میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر کے قریب پولیس بس پر خودکش دھماکے سے 11 اہلکار جاں بحق اور متعدد اہلکاروں سمیت 36 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نیشنل ہائی وے پر رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر سے چند ہی میٹر کے فاصلے پر خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کو پولیس بس سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار جاں بحق اور متعدد اہلکاروں سمیت 36 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی اور دھماکے سے قریبی عمارتیں بھی لرز گئیں۔ دھماکے کے وقت وین میں 70 سے زائد اہلکار موجود تھے۔ دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد کی لاشیں اور 36 زخمی پولیس اہلکاروں کو جناح اسپتال لایا گیا ہے جبکہ 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو سر، سینے اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے، تاہم اسپتال میں ایمرجنسی لگا کر تمام زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار اسرار احمد نے بتایا کہ جیسے ہی پولیس کی بس رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر سے بلاول ہاؤس پر ڈیوٹی کے لئے نکلی تو ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی بس سے ٹکرا دی، جس کے بعد ایک زور دار دھماکہ ہوگیا۔ ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پولیس وین پر دھماکہ خودکش معلوم ہوتا ہے، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی بیان جاری کیا جاسکے گا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے قریبی علاقے کا سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ نیشنل ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکوڈ کے اہلکار نے ایک نجی ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ یہ دھماکہ بظاہر ایک خودکش حملہ لگتا ہے، جس میں بارود سے بھری گاڑی کو استعمال کیا گیا ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے اور مکمل تفتیش ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ آیا دھماکے کی نوعیت کیا تھی۔ دھماکے سے پولیس بس کو نقصان پہنچا، جبکہ قریب ہی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کے بارے میں یہ خیال ظہار کیا جا رہا ہے کہ اس گاڑی کی مدد سے بس کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 351127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش