0
Saturday 5 Jul 2014 18:30

اسلحے کی خریداری، 2014ء سندھ پولیس کیلئے بدترین سال ثابت ہوا

اسلحے کی خریداری، 2014ء سندھ پولیس کیلئے بدترین سال ثابت ہوا
رپورٹ: زیڈ ایچ جعفری

مالی سال 2013ء-14 سندھ پولیس کیلئے بلٹ پروف گاڑیوں اور جدید اسلحے کی خریداری کے حوالے سے بدترین سال ثابت ہوا۔ سندھ حکومت نے اعلان کردہ 6 ارب روپے میں سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد جاری ہی نہیں کئے جبکہ فراہم کردہ رقم میں سے سندھ پولیس کو ایک ارب 76 کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں خرچ کرنا پڑے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مالی سال 2013ء-14 سندھ پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے، بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری اور جدید اسلحے کی خریداری کے حوالے سے انتہائی بدترین ثابت ہوا، سندھ حکومت کے احکامات پر من و عن عمل نہ کرنے پر سندھ حکومت نے اعلان کردہ 6 ارب روپے میں سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد جاری ہی نہیں کئے۔

اطلاعات کے مطابق 100 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لئے 77 کروڑ روپے، 2 ہزار بلٹ پروف جیکٹس کیلئے 14 کروڑ روپے، اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے لئے اسلحے کی خریداری کے 60 کروڑ 90 لاکھ روپے، 100 بلٹ پروف گاڑیوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 11 کروڑ روپے اور اسپیشل برانچ کیلئے 2 کروڑ روپے جاری ہی نہیں کئے گئے، ان کی مجموعی مالیت ایک ارب 64 کروڑ 90 لاکھ روپے بنتی ہے، اس کے علاوہ بھی کئی مد میں اب تک فنڈز جاری ہی نہیں کئے گئے لیکن ان معاملات پر بات چیت جاری ہے اور امکان ہے کہ رواں ماہ فنڈ جاری کر دیئے جائیں۔ 

سندھ حکومت کی جانب سے 6 ارب روپے میں سے جاری کی گئی رقم میں سے ایک ارب 76 کروڑ روپے مختلف قسم کے غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں خرچ کئے گئے۔ سندھ پولیس میں 2 ہزار سابق فوجیوں کی تنخواہ کی مد میں47 کروڑ 36 لاکھ، سندھ پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس کی تنخواہ میں اضافے کی مد میں 5 کروڑ 36 لاکھ 99 ہزار روپے، 400 انسپکٹرز کی بھرتی کے بعد ان کی تنخواہ کی مد میں 28 کروڑ 75 لاکھ روپے، شہداء کے ورثا کو زر تلافی کے لئے 33 کروڑ روپے، 16 حساس تھانوں کی نفری کے خصوصی الاؤنس کی مد میں 7 کروڑ 65 لاکھ روپے، زخمیوں کے علاج معالجے پر 15 کروڑ روپے، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی ایک ہزار اسامیوں پر خصوصی الاؤنس کی مد میں 36 کروڑ 51 لاکھ روپے اور مختلف تعلقہ اور ڈسٹرکٹ کے قیام پر بھی لاکھوں روپے خرچ کئے گئے جو کہ مجموعی مالیت ایک ارب 76 کروڑ 21 لاکھ روپے بنتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 397541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش