0
Monday 14 Jul 2014 10:35

بھارت کے بہی خواہوں کا مزار شہداء پر پھول چڑھانا مکاری ہے، سید علی گیلانی

بھارت کے بہی خواہوں کا مزار شہداء پر پھول چڑھانا مکاری ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 13 جولائی کے شہداء کی یاد میں بلائی گئی ہڑتال کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1931ء کے شہداء کا مشن ابھی نامکمل اور ادھورا ہے اور لوگوں نے آج کے دن ثابت کیا کہ انہوں نے اس مشن کو فراموش کیا ہے اور نہ بھارت نوازوں کی سودابازی کو قبول کیا ہے، جو انہوں نے خونِ شہیداں کے ساتھ کی ہے۔ علی گیلانی نے عمر عبداﷲ، مفتی سعید اور دیگر سیاستدانوں کی طرف سے مزار شہداء پر پھول چڑھانے کو مکاری اور منافقت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ضمیر زندہ ہوتے تو یقیناً وہاں جانے میں شرم محسوس کرتے، کیونکہ 1931ء میں جو مظالم کشمیریوں پر ڈوگرہ شاہی ڈھا رہی تھی، آج اس سے بڑھ کر ظلم ان کے ہاتھوں سے ہورہا ہے اور یہ جعفر اور صادق بن کر اپنی قوم کے بجائے بھارت کے قبضے کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کچھ بھی نہیں بدلا ہے، یہاں 1931ء میں بھی لوگ اپنے بچوں کے جنازوں کو کندھا دیتے تھے اور آج بھی اس جیسے واقعات پیش آرہے ہیں، جہاں بوڑھے والدین اپنے لخت جگروں کی لاشوں پر ماتم کرتے نظر آرہے ہیں۔ اگر کوئی تبدیلی آئی ہے، تو وہ صرف یہ کہ پہلے ایک ہری سنگھ ہمارے سروں پر سوار تھا اور آج ہر کوئی بھارت نواز سیاستدان عام کشمیریوں کے لیے ہری سنگھ ثابت ہورہا ہے اور وہ بھارت کے ظلم کے آرے کے دستے بن کر اپنی قوم کو کاٹ رہے ہیں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ 13 جولائی کے شہیدوں نے قرآن کی عظمت کے لیے اپنے سر مقتل میں پیش کئے تھے اور اپنی قوم کی غلامی کے خلاف اپنا خون پیش کیا تھا، البتہ اس وقت کی قیادت نے قرآن کے ساتھ بھی بے وفائی کی اور اپنی قوم کو ڈوگرہ شاہی کے بعد بھارت کی بدترین غلامی کے چنگل میں پھنسا کر غداری کی، لہٰذا اخلاقی طور انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ یہ شہداء کا نام بھی لیتے، کُجا کہ اُن کا دن مناتے اور انکی قبروں پر پھول چڑھاتے، علی گیلانی نے کہا کہ اب جبکہ ہم نے 1931ء کے شہداء کے مشن کے تکمیل کے لیے 6 لاکھ جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں، میں قوم کو یقین دلانا چاہوں گا کہ اب کے کسی طالع آزما کو ان قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جب تک ایک بھی بھارتی سپاہی ہماری سرزمین میں موجود ہے، ہماری جدوجہد ہر صورت اور ہر قیمت پر جاری و ساری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 399286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش