0
Tuesday 22 Jul 2014 15:35

کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کو پرامن طور حل کیے بغیر کوئی چارہ نہیں رہا، عبدالباسط

کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کو پرامن طور حل کیے بغیر کوئی چارہ نہیں رہا، عبدالباسط
اسلام ٹائمز۔ نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے افطار پارٹی کے موقع پر واضح کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام مسائل و مشکلات کی اصل جڑ تنازع جموں و کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی تنازعے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف نوعیت کے نت نئے مسائل اور مشکلات بھی جنم لے رہی ہیں۔ پاکستان کے ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کو یہ بات تسلیم کرنا ہو گی کہ جموں و کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کو پرامن طور حل کیے بنا اب کوئی چارہ نہیں ہے۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر اور دیگر حل طلب مسائل کی وجہ سے ہی دونوں ملکوں کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لئے لازمی ہے کہ تمام تنازعات کو جلد سے جلد حل کرنے کی طرف قدم بڑھائے جائیں۔ امن و امان کی خاطر مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ جب تک اس دیرہنہ مسئلے کا حل تلاش نہیں کیا جاتا ہے تب خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہونا ناممکن ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اہم مسئلہ کشمیر ہے جسے حل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ عبدالباسط نے یہاں منعقدہ افطار پارٹی کے دوران اس بات کی امید ظاہر کی کہ ہندوستان کی نومنتخب حکومت اور پاک حکومت خطے میں امن و امان کی بحالی کے عہد بند ہیں اور دونوں اس اہم مسئلے کے حل کو اولین ترجیح دیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی بھروسہ ظاہر کیا کہ اگر دونوں ملک چاہیں گے تو ان کے درمیان آپسی تعلقات آنے والے وقت میں بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہونے سے ہی اس خطے میں پائیدار امن اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو ماضی کے دقیانوسی تصورات کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا تاکہ اس خطے میں ایک نئے دور کا آغاز ممکن بن سکے۔ 

غور طلب بات یہ ہے کہ انہوں نے پاکستانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ ان کی افطار پارٹی میں مذہبی رہنماؤں، صحافیوں اور ماہرین تعلیم سمیت کئی ممتاز ہستیوں کے علاوہ کشمیر کے کچھ مزاحمتی تنطیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت جن میں حریت (گ) ترجمان ایاز اکبر بٹ، حریت (گ) کے اکائی دی پی ایم کے ایڈووکیٹ، محمد شفیع ریشی، تحریک حریت کے الطاف احمد شاہ، مسلم کانفرنس کے شبیر احمد ڈار، جے کے ایل ایف (آر) کے چیئرمین فاروق احمد ڈار (بند کراٹے)، سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ، مسلم کانفرنس کے پروفیسر عبدالغنی بٹ، عبدالرشید کابلی، فاروق احمد توحیدی، بشیر اندرابی، سلیم گیلانی، مصدق عادل اور انٹرنیشنل فورم فارجسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو شامل ہیں۔ اس موقع پر کئی مزاحمتی تنطیموں کے نمائندوں نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے ساتھ علیحدہ علیحدہ طور پر ملاقات بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 400880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش