0
Friday 8 Aug 2014 12:05

پنجاب حکومت غیرقانونی اور غیر آئینی اقدامات کی مرتکب ہو رہی ہے،اعجاز چودھری

پنجاب حکومت غیرقانونی اور غیر آئینی اقدامات کی مرتکب ہو رہی ہے،اعجاز چودھری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے حوالے سے شہباز شریف کا جیسا رویہ ہو گا ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پنجاب کے ہر ضلع میں پی ٹی آئی کی لائرز لیگل ایڈ کمیٹیاں بنا دیں ہیں، پولیس جس طرح کریک ڈاؤن کی تیاری کر رہی ہے ہم اس کے خلاف تھانوں کے باہر احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء کی لائرز لیگل ایڈ کمیٹیوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ متحرک رہیں اور اس سے متعلق چارہ جوئی بھی شروع کر دیں۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ اس قسم کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ صوبائی حکومت ٹرین مارچ سے قبل پٹرول پمپس بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تو یہ بالکل غیر قانونی فعل ہو گا۔ تحریک انصاف نے تمام پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز مالکان سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومت کی دھمکیوں سے نہ ڈریں اور تمام پمپس کھلے رکھیں، پی ٹی آئی کے رضاکار ان کے پٹرول پمپس کی حفاظت کریں گے، ہم اس ملک کے کاروبار کو چلتا رہنا دینا چاہتے ہیں، ہماری وجہ سے ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح کا شہباز شریف کا رویہ ہو گا ویسا ہی تحریک انصاف والے انھیں جواب دیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ پنجاب حکومت ہم پر گملے سمیت پھول پھینکے اور ہم ان پر صرف پھول پھینکتے رہیں۔ اعجاز چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ طاہرالقادری کے خلاف مقدمے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہمیں اس بات پر بھی تشویش ہے کہ 17 جون کو جو قتل و غارت گری ماڈل ٹاؤن میں ہوئی تھی اس کا مقدمہ آج تک درج نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت غیر قانونی اقدامات کی مرتکب ہو رہی ہے اور وہ خود ہی قانون اور آئین کو پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ ڈیڑھ ماہ گزر گیا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج نہیں ہوا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی ایک تقریر پر فوری طور پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ کے اقدامات اس کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔
خبر کا کوڈ : 403681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش