0
Friday 14 Nov 2014 14:06

آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پشاور تک بڑھایا جائے، علامہ رمضان توقیر

آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پشاور تک بڑھایا جائے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کے پے درپے واقعات پاکستان تحریک انصاف حکومت کی واضح ناکامی اور پولیس و اداروں کے متعصبانہ رویے کا نتیجہ ہے۔ پشاور میں سردار واجد حسن قزلباش کے بیہمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی حکومت سے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پشاور تک بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی اپنے فرائض منصبی سے روگردانی کے باعث عوام میں عدم تحفظ کا احساس فروغ پا چکا ہے اور یہ صورت حال صوبے کو خانہ جنگی کی جانب دھکیلنے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور پولیس و انٹیلی جنس اداروں نے اپنے فرائض منصبی کی بجا آوری میں یونہی کوتاہی کا مظاہرہ کیا تو پھر اللہ کے قہر و غضب اور عوام کے ردعمل سے ایوان میں بیٹھے سیاستدان اور اداروں پر براجمان پولیس حکام اور اہلکار بھی نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ صوبے میں امن و امان برقرار رہے تو پولیس حکام اور انٹیلی جنس کا قبلہ درست کرے۔ شیعہ علماء کونسل کے پی کے، کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے صوبے کے قبائلی علاقوں کی طرح صوبہ بھر بالخصوص صوبائی دارالحکومت پشاور تک آپریشن ضرب عضب کا دائرہ بڑھانے کا مطالبہ کیا، تاکہ وطن عزیز کو دہشت گردوں اور دہشتگردی کے ناسور سے پاک کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 419478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش