0
Friday 14 Nov 2014 18:03
کراچی آپریشن سے شہر میں 80 فیصد ٹارگٹ کلنگ کم ہوئی ہے

دہشتگردوں کو سزائیں دینے سے خوفزدہ جج مستعفی ہوکر گھر چلے جائیں، شرجیل میمن

آپریشن کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں ہوئے
دہشتگردوں کو سزائیں دینے سے خوفزدہ جج مستعفی ہوکر گھر چلے جائیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے شہر میں 80 فیصد ٹارگٹ کلنگ کم ہوئی ہے جبکہ آپریشن میں وزیراعظم نواز شریف نے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں ہوئے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں پہلے روز 20، 20 لاشیں گرتی تھیں لیکن آپریشن سے شہر میں ٹارگٹ کلنگ 70 سے 80 فیصد کم ہوئی ہے اور سندھ میں بھی ماضی کے مقابلے میں جرائم واضح کم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے دوران 242 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، مختلف کارروائیوں میں 9 اغواء کار مارے گئے اور سینکڑوں کلو گرام دھماکا خیز مواد سمیت خودکش جیکٹس بھی برآمد کی گئیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی آپریشن میں کسی مخصوص جماعت کے لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت نہیں دی گئی، شہر میں کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک موجود ہیں جن کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پر ٹارگٹڈ کارروائیوں کے ردِ عمل میں حملے ہو رہے ہیں، سندھ پولیس کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، سب سے زیادہ قربانیاں سندھ پولیس دے رہی ہے، جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جرائم میں غیر قانونی سمز استعمال ہو رہی ہیں، جن کی بندش کیلئے وفاقی حکومت کو تجویز دی تھی لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا، آپریشن میں وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے جو وعدے کئے گئے، انہیں بھی پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ججوں سے گزارش ہے کہ وہ دہشت گردوں کو سزائیں دیں ورنہ خوفزدہ جج استعفے دے کر گھر چلے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 419505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش