0
Saturday 6 Nov 2010 11:28

اوباما آج بھارت پہنچیں گے،ماﺅ نواز،کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کا ہڑتال کا اعلان

اوباما آج بھارت پہنچیں گے،ماﺅ نواز،کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کا ہڑتال کا اعلان
 واشنگٹن،نئی دہلی:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق امریکی صدر اوباما جنوبی ایشیا کے 10 روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں آج بھارت پہنچیں گے۔اس موقع پر ماﺅ نواز،کشمیری اور بھارتی مسلمانوں نے ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔دورہ کے دوران سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔چالیس طیارے اور چھ بلٹ بم پروف گاڑیاں اور ڈرونز طیارے صدر اوباما کی حفاظت کرینگے۔ ممبئی اور نئی دہلی میں جہاں صدر قیام کرینگے اور ملاقاتیں کرینگے ان جگہوں کو نو فلائی زون قرار دیا گیا۔امریکی صدر جدید ترین بم پروف سیاہ کیڈلیک میں سفر کرینگے۔یہ گاڑی انہیں کسی بھی قسم کے کیمیائی یا جراثیمی حملے سے بھی محفوظ رکھ سکے گی۔ممبئی میں صدر اوباما تاج محل ہوٹل اور دہلی کے موریا شیرٹن ہوٹل میں قیام کرینگے۔سکیورٹی خدشات کے تحت دونوں ہوٹلوں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے جبکہ دونوں ہوٹلوں کی چھتوں پر کسی بھی فضائی حملے سے بچاﺅ کے پیش نظر گن شپ ہیلی کاپٹرز سمیت خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔سیٹلائٹس بھی نصب کئے جائیں گے۔ 
امریکی صدر کے بھارت کے 3 روزہ دورے پر تقریباً 18 ارب روپے کی خطیر رقم سکیورٹی اور دیگر کاموں پر خرچ کی جائے گی۔ایک محتاط اندازے کے مطابق اس دورے میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں اور امریکی حکومتی عہدیداروں تاجروں اور صحافیوں سمیت تین ہزار افراد امریکی صدر کے ہمراہ ہونگے۔ چھ منٹ قبل اور ان کے طیارے کے لینڈ کرنے کے چھ منٹ بعد تمام پروازیں معطل کر دی جائینگی۔اس سے قبل امریکی فضائیہ کے دو جمبو طیارے اور چار ہیلی کاپٹرز ممبئی ایئرپورٹ پر پہنچ چکے ہیں۔ صدر اوباما وزیراعظم منموہن سنگھ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔دورے کا مقصد تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔صدر اوباما ممکنہ طور پر 44 ارب ڈالر کے باہمی تجارتی حجم میں مزید اضافہ کیلئے کوششیں کرینگے۔اوباما کل ایک سکول کے بچوں کیساتھ دیوالی منائیں گے۔ 
دوسری جانب بھارت میں مسلمانوں کشمیریوں اور ماﺅ علیحدگی پسندوں نے امریکی صدر کے دورہ کیخلاف احتجاج اور 8 نومبر کو ملک گیر سطح پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ماﺅ نواز کالعدم تنظیم کے سرکردہ رہنما کشن جی نے کہا ہے کہ منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی بھارت کو سامراجی طاقتوں کے ہاتھ بیچ رہے ہیں۔پارٹی نے اپنے کارکنان سے کہا ہے کہ وہ جگہ جگہ اپنے اپنے طریقوں سے اوباما کے خلاف احتجاج کریں اور ”اوباما واپس جاو“ کا نعرہ لگائیں۔مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری پرکاش کرات نے کہا کہ انکی جماعت امریکہ کی پالیسیز کی مخالفت کرتی ہے شخصیات کی نہیں۔ ادھر مسلح تنظیم مجلس احرار اسلام کے رہنما مولانا حبیب الرحمان لدھیانوی نے بھارتی مسلمانوں سے اپیل کی کہ اوباما کے دورہ بھارت کا بائیکاٹ کیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں پر ہونےوالے مظالم اور مذمتی جذبات کو زک پہنچانے کیخلاف یوم سیاہ منایا جائےگا۔
 اوباما کے دورہ کا باقاعدہ آغاز تاج ہوٹل میں ممبئی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک جلسے سے ہو گا۔اوباما کی آمد کے باعث ممبئی پولیس چھاﺅنی میں تبدیل ہو گیا کاروبار کی بندش سے سینکڑوں غریب بھی مایوس ہو گئے۔تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اوباما کے دورہ بھارت میں وہ گرم جوشی نہیں دیکھی جا رہی،جو صدر بش یا بل کلنٹن کے دورے کے وقت دکھائی دی تھی۔ممبئی کے لئے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ وہ امریکی مصنوعات کے لئے بھارتی منڈیوں تک مزید رسائی حاصل کریں گے۔مزید نوکریاں پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ امریکی مصنوعات کی زیادہ سے زیادہ برآمد ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی توجہ امریکہ کے مستقبل پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں نہ کہ آئندہ الیکشن پر۔انہوں نے کہا کہ چین میں دیگر ممالک ساکت نہیں ہیں ہمیں بھی ساکت نہیں ہونا چاہئے،ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 43064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش