0
Wednesday 21 Dec 2016 21:19

کرپشن اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، حکمرانوں کو کرپشن کا حساب دینا پڑیگا، میاں آصف اخوانی

کرپشن اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، حکمرانوں کو کرپشن کا حساب دینا پڑیگا، میاں آصف اخوانی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ ملتان کی مجلس شوریٰ کا خصوصی اجلاس زیر صدارت امیر سٹی میاں آصف محمود اخوانی ''دارالسلام'' دفتر جماعت اسلامی میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، نائب اُمراء ڈاکٹر خالد رشید، چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری عبدالرحمن حیدری جبکہ خصوصی دعوت پر جنوبی پنجاب کے میڈیا کوآرڈی نیٹر کنور محمد صدیق کے علاوہ اراکین شوریٰ ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، شیخ منظور الہی، چودھری ظفر اقبال آرائیں، کلیم اکبر صدیقی، مولانا محمود بشیر، مولانا عبدالرزاق، حافظ محمد اسلم، رانا طارق نعیم، ڈاکٹر حفیظ انور، شہزادہ بابر مان، قطب جمیل، پروفیسر ڈاکٹر علی اصغر سلیمی، پروفیسر محمد اکرم، حافظ عبدالرحمن اور خواجہ عاصم نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت عوام کی جان ومال کا تحفظ دینے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے، بے روزگاری، بدامنی کا خاتمہ اور عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے گھریلو زندگی عذاب بنا دی ہے، بچے سکول اور مرد و خواتین اپنی نوکری اور کاروبار پر بھوکے جاتے ہیں، مگر حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، خواتین اور بچے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، مگر حکمرانوں کو اپنی کرپشن چھپانے سے فرصت نہیں۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ کرپشن اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ حکمرانوں کو کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ پاناما لیکس کا فیصلہ جلد کرے، وزیراعظم اور اس کے خاندان سمیت کرپشن میں ملوث حکومتی اور اپوزیشن میں شامل افراد کا بلاتفریق محاسبہ کیا جائے اور ان کو پھانسیوں پر لٹکایا جائے۔ اجلاس میں ملتان میں ٹریفک وارڈنز کو چالان کرنے کا ٹارگٹ دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت اور انتظامیہ عوام کو تحفظ دینے اور اُن کو سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے، مگر وہ ذمہ داری ادا کرنے کی بجائے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بلاجواز چالان کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے لائسنس بنانے کیلئے مختلف چوکوں پر کیمپ لگائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 593513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش