0
Wednesday 29 Jun 2011 21:21

آئندہ سال ٹورنامنٹ سے قبل شندور کی حد بندی کا تنازعہ حل کیا جائیگا، سید مہدی شاہ

آئندہ سال ٹورنامنٹ سے قبل شندور کی حد بندی کا تنازعہ حل کیا جائیگا، سید مہدی شاہ
گلگت:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے میں ترقیاتی کاموں، انفراسٹریکچر، فلاح و بہبود اور مختلف سیکٹر میں کام کرنے کیلئے آنے والی غیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریگی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایک غیرملکی تنظیم کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، محدود وسائل میں رہتے ہوئے صوبائی حکومت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے بہت سے منصوبوں کا آغاز کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت ایسے غیرسرکاری اداروں کیساتھ تعاون کریگی جو حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے علاقے کی ترقی کیلئے مختلف پراجیکٹس پر کام کریں گے۔
 بعد ازاں سید مہدی شاہ نے غذر سے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی ترقی کیلئے پر عزم ہے اور گلگت بلتستان کے ساتوں اضلاع کی ترقی کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے اور موجودہ بجٹ میں اضلاع میں ترقیاتی کاموں کیلئے کثیر رقم مختص کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی موجودہ جمہوری حکومت عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔ اس موقع پر مہدی شاہ نے کہا کہ تمام اسامیوں پر بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیگی اور صوبے سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائینگے اور صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ صوبے سے غربت کے خاتمے کیلئے گریجویٹس کو بلاسود آسان اقساط پر قرضے دینے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی ہے، تاکہ صوبے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں اور معیاری زندگی بہتر ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ اپنے حقوق کیلئے گزشتہ سال شندور پولو ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کیا اور وفاقی حکومت سے رابطہ کیا، جس کی وجہ سے اس سال گلگت بلتستان حکومت کو خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر شندور پولو ٹورنامنٹ کے انتظامات کرنے کے مواقع ملے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 81927
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش