0
Tuesday 24 Nov 2020 00:20

پشاور کی عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، ملک عامر ڈوگر 

پشاور کی عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، ملک عامر ڈوگر 
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک محمد عامر ڈوگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور کی عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا ہے، پشاور کی عوام نے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت نہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ پشاور کی عوام عمران خان کے ویژن کی نہ صرف تائید کرتے ہیں بلکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے اور ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وزیراعظم کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری اپوزیشن مل کر بھی پشاور کے جلسے میں 15 ہزار سے زیادہ عوام کو اکٹھا نہ کر پائے یہیں سے ثابت ہوتا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ جھوٹا اور غیرحقیقت پسندانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن (پی ڈی ایم) عوام کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں، کورونا وائرس کے پھیلاو کی موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے رہنما خود تو اپنے لئے احتیاطی تدابیر، سماجی فاصلہ کو محلوظ خاطر رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ عوام کو جلسوں میں شرکت کیلئے اکسا کر ان کی جانوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر انہوں نے اسی طرح اپنے جلسوں کا سلسلہ جاری رکھا اور کورونا وائرس کی وبا اس کے نتیجے میں تیزی سے پھیل گئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری پی ڈی ایم پر عائد ہوگی کیونکہ اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانے کیلئے جس بیانیہ پر مصر ہے اسے پہلے عوام نہ صرف مسترد کرچکے ہیں بلکہ آگے بھی اس بیانیہ کا تیا پانچہ کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام سے مخاطب ہوں اور یہ کہتا ہوں کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاو کیلئے نہ صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کریں بلکہ پی ڈی ایم کے ملک دشمن بیانیے کے تحت ہونے والے جلسے میں بھی شرکت نہ کرکے اپنی اور اپنے عزیز و اقارب کی جانوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 899555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش