0
Sunday 21 Aug 2011 20:47

حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت دنیا بھر میں انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت دنیا بھر میں انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پیر کے روز پاکستان سمیت دنیا بھرمیں امام المتقین حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا، اس موقع پر سکیورٹی کا ہائی الرٹ ہو گا اور امدادی ٹیمیں مستعد ہوں گی، انتظامیہ نے اس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں یوم شہادت علی علیہ السلام کے سلسلے میں شبیہ تابوت کا مرکزی جلوس صبح 9 بجے مبارک لال حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا شام 7 بجے بیرون بھاٹی گیٹ کربلا گامے شاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس حوالے سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں تمام عزا داروں کو واک تھرو گیٹ اور چیکنگ کے دوسرے طریقوں کو جلوس میں شامل کیا جائے گا۔
پولیس نے جلوس کے راستے میں فلیگ مارچ کیا جس میں سینکڑوں اہلکاروں نے شرکت کی، دریں اثناء ڈی سی او لاہور احد چیمہ نے ایس پی سٹی، ایس پی سکیورٹی اور دیگر اعلیٰ آفیسرز کے ہمراہ جلوس کے مرکزی راستوں کا معائنہ کیا، مزید برآں شہر میں یوم شہادت علی علیہ السلام کے موقع پر تمام امدادی ٹیموں فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ہسپتالوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے، جلوس کے ہمراہ سینکڑوں پولیس اہلکار اور مختلف محکموں اور تنظیموں کی طبی ٹیمیں ہوں گی۔
جلوس میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی بھی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، یاد رہے کہ پنجاب حکومت کے حوالے سے یہ کہا جاتا ہے کہ ان کے دہشت گردوں سے تعلقات ہیں، شیعہ قائدین نے حکومت کو واضح انداز میں متنبہ کیا ہے کہ اگر یوم علی علیہ السلام پر کوئی سانحہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 93591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش