0
Friday 16 Sep 2011 14:29

جماعت اسلامی کے وفد کی صوبائی الیکشن کمیشن سے ملاقات، انتخابی فہرستوں میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

جماعت اسلامی کے وفد کی صوبائی الیکشن کمیشن سے ملاقات، انتخابی فہرستوں میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے نمائندہ وفد نے صوبائی چیف الیکشن کمشنر سندھ سونو خان بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل میں ہونے والی بے ضابطگیوں، مداخلت اور بے قاعدگیوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان، سابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی اور سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل یرغمال ہو چکا ہے، عملہ آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام نہیں دے پا رہا جس کی وجہ سے سارا مینڈیٹ بوگس ہو جائے گا اور ایک بار پھر درست ووٹر لسٹیں تیار نہیں ہو سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ الیکشن کو ہر لحاظ سے فری اینڈ فیئر کرائے، ہر شہری کو آزادانہ حق رائے دہی حاصل ہو مگر بدقسمتی سے مردم شماری و خانہ شماری کا عمل صحیح نہیں ہو سکا اور نہ موجودہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل درست ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس مد میں بڑا بجٹ ملتا ہے اور اسے آئینی طور پر یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ شفاف انتخابات کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد لے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اعلان کے باوجود کراچی کے متعدد علاقوں میں ابھی تک ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل شروع نہیں کیا اس سلسلے میں شکایات موصول ہو رہی ہیں، بہت سے علاقوں میں تصدیق کے عمل کو آزادانہ طور پر نہیں ہونے دیا جا رہا اور ایم کیو ایم معاملات اپنے ہاتھوں میں لے کر اس عمل کو سبوتاژ کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں الیکشن کمیشن رینجرز کی مدد لے تاکہ آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہوسکے۔
اس موقع پر سونو خان نے کہا کہ فیلڈ میں مشکلات تو ہیں مگر ہر صورت اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے شناختی کارڈ کی بنیاد پر انتخابی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں اور اس میں ڈپلی کیشن نہیں ہوگی، لسٹیں علاقے کے لحاظ سے ویب سائٹ پر ڈال دی جائیں گی، عوام اپنے طور پر بھی لسٹیں چیک کر سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے تحفظات بجا ہیں اور اس پر فوری نوٹس لیا جائے گا اور تمام فیلڈ آفیسرز سے تحریری رپورٹ طلب کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 99122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش