0
Tuesday 14 May 2024 08:48

آزادکشمیر میں آٹے اور بجلی کی سبسڈی کے حوالے سے 23 ارب روپے گرانٹ کا اعلان کر دیا گیا

آزادکشمیر میں آٹے اور بجلی کی سبسڈی کے حوالے سے 23 ارب روپے گرانٹ کا اعلان کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر میں آٹے اور بجلی کی سبسڈی کے حوالے سے 23ارب روپے گرانٹ جاری کر دی گئی۔ آزاد کشمیر میں آٹے اور بجلی کی سبسڈی کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آزاد کشمیر مسلم لیگ نواز کی تجویز اور مخلوط حکومت میں شامل دیگر اتحادی جماعتوں کی تائید کے بعد 23 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ پی ایم ایل نواز آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کے مطابق مسلم لیگ نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اپنی قلبی اور نظریاتی وابستگی ثابت کی، اس سے پہلے میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں 10 ارب روپے کا اضافہ کیا تھا۔ تیرہویں ترمیم کے ذریعے آزاد کشمیر حکومت کے اختیارات اور وسائل پر اختیار جیسے معاملات بھی مسلم لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کے کشمیری عوام کے لیے خصوصی دلچسپی کا ثبوت ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پر آٹے اور بجلی کی سستے داموں فراہمی کے مطالبات پر مبنی لانگ مارچ شروع ہوتے ہی وفاقی حکومت خصوصاً وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر مسلم لیگ نواز کے ساتھ رابطے کیے۔

شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ ہماری تجویز پر ہی آج کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعطم آزاد کشمیر، وزراء حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے دیگر زعماء اور وفاقی حکومت کے وزراء کرام نے شرکت کی، اجلاس میں آزاد کشمیر کی صورتحال اور پیدا ہونے والے حالات کا جائزہ لیا گیا۔ میاں محمد شہباز شریف نے حسب روایت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 ارب روپے مالیت کی گرانٹ کا اعلان کیا جو سستے آٹے اور بجلی کی فراہمی کیلئے سبسڈی پر خرچ ہوں گے۔ آزادکشمیر ایک حساس خطہ ہے، دور افتادہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں زراعت اور زرعی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے، ضرورت کا غلہ اور دیگر اشیائے خوردونوش پاکستان سے ہی آزاد کشمیر کو فراہم کی جاتی ہیں، آزاد کشمیر میں امن و امان بحال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، مسلم لیگ نواز اور اس کے تمام ونگز نے پہلے بھی مثبت کردارا دا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں اسی طریقے سے ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1134909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش