0
Tuesday 28 Feb 2012 20:40

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے سانحہ کوہستان کی شدید مذمت، 3 روزہ سوگ کا اعلان

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے سانحہ کوہستان کی شدید مذمت، 3 روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ قائد شیعہ علماء کونسل نے راولپنڈی سے گلگت جانے والی بس پر کوہستان کے صدر مقام داسو کے دور دراز علاقہ ہربن نالہ شاہراہ قراقرم پر دہشتگردوں کے حملے اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 18 مسافروں کی شہادت اور متعدد کے شدید زخمی ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اس سانحہ کے مرتکب دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کرنے اور سانحہ کے محرکات جاننے کے لئے اعلٰی سطحی بااختیار عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں اور ملک کی داخلی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور اسکی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والی سوچی سمجھی اور منظم سازش کو بے نقاب کیا جا سکے۔
 
علی پور مظفر گڑھ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے علامہ سید محمد ثقلین نقوی کی نماز جنازہ پڑھانے کے بعد بزرگ علماء، عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہزاروں کے احتجاجی اجتماع سے خطاب اور سانحہ کوہستان کے خلاف احتجاجی دھرنے کی قیادت کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پہلے کراچی، کوئٹہ اور خان پور میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ تواتر کے ساتھ جاری تھی کہ سانحہ پاراچنار کے بعد اب راولپنڈی سے گلگت جانے والی مسافر بس کو نشانہ بنانا ایک منظم اور سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، جس کے ذریعہ ملک کی داخلی وحدت اور استحکام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا منصوبہ تیار کیا گیا لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ ملک کے امن و سلامتی کے ذمہ داروں کو صورت حال کی سنگینی کا احساس اور ادراک تک نہیں اور عوام کے ذہنوں میں یہ شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں کہ آخر یہ قاتل اور دہشتگرد کتنی آسانی سے معصوم انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔
 
علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم نے ہر سانحہ پر اپنے پیاروں کے درجنوں لاشے ایک ساتھ اٹھانے کے باوجود عوام کو ہمیشہ صبر و تحمل کی تلقین کی، مگر باعث افسوس ہے کہ ہمارے اس مثبت رویہ، تہذیب، شائستگی اور امن پسندی کو کمزوری سمجھا گیا۔ اگر اب بھی قاتلوں اور دہشتگردوں کو لگام نہ دی گئی اور ان کے سرپرستوں کو نکیل نہ ڈالی گئی تو پھر عوام کے غیض و غصب کو کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہ ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 141584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش