0
Sunday 15 Jul 2012 12:27

نیٹو سپلائی کے خلاف ہونیوالی احتجاجی ریلی کی تیاریاں مکمل، ریلی آج نکالی جائے گی

نیٹو سپلائی کے خلاف ہونیوالی احتجاجی ریلی کی تیاریاں مکمل، ریلی آج نکالی جائے گی
اسلام ٹائمز۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ریلی کا آغاز آج ساڑھے تین بجے سہ پہر میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے ہوگا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن کی قیادت میں ریلی کے شرکاء کیماڑی تک مارچ کریں گے۔ ریلی کی تیاریوں کے جائزے کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ادارہ نور حق میں ہوا، اجلاس میں ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور طے کیا گیا کہ شہر کے مختلف مقامات پر 25 سے زائد کیمپس لگائے جائیں گے۔ اجلاس کے موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء سید محمد اقبال، نصر اللہ خان شجیع، ڈاکٹر عبدالواسع شاکر، ڈپٹی سیکریٹری علی محمد، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد بھی موجود تھے۔

دریں اثناء ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں نمائش چورنگی پر لگائے جانے والے استقبالیہ کیمپ کا امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے دورہ کیا اور مسافر اور راہگیروں میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ امریکا اور نیٹو کا ساتھ دینے کی وجہ سے پاکستان کو 90 بلین ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہے، پارلیمنٹ نے شرط عائد کی تھی کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں گے اور امریکا معافی مانگے گا مگر پارلیمنٹ کی قراردادوں کے برخلاف نیٹو کی سپلائی بحال کردی گئی، جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی امریکا کے تابوت میں کیل ثابت ہوگی، عوام ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر ثابت کریں گے کہ وہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے حق میں نہیں، امریکا کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان کے عوام حکمرانوں کی طرح بے حمیت نہیں وہ اپنی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر پوری قوم مضطرب اور پریشان ہے، امریکا نے پاکستانی فوجیوں کو شہید کیا، ڈرون حملوں میں ہزاروں پاکستانی شہید کئے جاچکے ہیں اس کے باوجود نیٹو سپلائی کو بحال کردیا گیا ہے جو قومی غداری ہے۔
خبر کا کوڈ : 179264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش