0
Thursday 19 Jul 2012 22:57

ملتان ضمنی الیکشن، عبدالقادر گیلانی کے مقابلے میں شوکت حسین بوسن کو شکست کا سامنا

ملتان ضمنی الیکشن، عبدالقادر گیلانی کے مقابلے میں شوکت حسین بوسن کو شکست کا سامنا
اسلام ٹائمز۔ ملتان کے حلقہ 151 کے ضمنی الیکشن میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی کامیاب ہو گئے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق عبدالقادر گیلانی نے 4 ہزار 62 ووٹوں سے اپنے مدمقابل امیدوار شوکت حسین بوسن کو شکست دی۔ عبدالقادر گیلانی نے 64628 ووٹ حاصل کئے جبکہ شوکت بوسن نے 60532 ووٹ حاصل کئے۔ ملتان کے ضمنی الیکشن کے نتائج نے ملک گیر توجہ حاصل کرلی، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی ہار اور جیت کے بھنور میں پھنسے رہے۔ حلقہ این اے 51 کی نشست سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے خالی ہوئی تھی۔
 
دونوں امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ ہوا جو ایک روزہ کرکٹ میچ کی مانند ایک ایک ووٹ اہمیت اختیار کرتا رہا۔ اعصاب شکن مقابلے نے ملک گیر توجہ حاصل کیے رکھی۔ کبھی شوکت بوسن اپنے حریف کو پچھاڑتے نظر آئے تو کبھی عبدالقادر گیلانی ابھرتے دکھائی دئیے۔ دونوں اطراف کے حامی فتح کا جشن منانے کے لیے تیار بیٹھے تھے۔ ملتان کے ضمنی الیکشن کے ان نتائج نے سب کو حیران کردیا۔ کسی کو بھی اس قدر سخت مقابلے کی توقع نہیں تھی۔ آزاد امیدوار شوکت بوسن سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کے چھوٹے بھائی ہیں۔ وہ پرویز مشرف دور میں بلدیاتی نظام میں ٹاؤن ناظم بوسن ٹاؤن رہ چکے ہیں اور اسی دوران شوکت بوسن نے اپنے سیاسی کرئیر کا آغاز کیا جبکہ شوکت بوسن کے ایک اور بھائی حسنین بوسن پی پی 200 سے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ہیں۔
 
ملتان کے حلقہ این اے 151 کے ضمنی انتخابات میں عبدالقادر گیلانی اور شوکت بوسن کے حامیوں میں جھگڑے کے دوران نوجوان زخمی ہوگیا جبکہ ایک پولنگ اسٹیشن پر خواتین میں جھڑپ بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق بوسن روڈ ٹبی والا پرائمری سکول میں عبدالقادر گیلانی اور آزاد امیدوار شوکت بوسن کے حامیوں میں جھگڑا ہوگیا۔ تلخ کلامی جھگڑے میں بدلی، ہوائی فائرنگ ہوئی جس سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ شوکت بوسن کے حامیوں کا کہنا تھا کہ مخالف امیدوار کے حامی زبردستی ووٹ ڈلوا رہے تھے۔ پولنگ اسٹیشن 189 پر صورتحال بگڑنے لگی تو عملے نے پولنگ روک کر پولیس کو طلب کرلیا۔ اس دوران پولنگ کچھ دیر کے لئے پولنگ معطل رہی۔ پولنگ اسٹیشن نمبر231 میں ووٹ ڈالنے پر خواتین کے درمیان جھگڑا ہو گیا جس میں مرد بھی کود پڑے۔ لوگوں نے ووٹ کاسٹ نہ کرانے پر پولنگ عملہ کو زدوکوب کیا جس پر پولنگ روک دی گئی۔ پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ جھگڑے کے باعث ایک گھنٹہ تک پولنگ رکی رہی۔
خبر کا کوڈ : 180497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش