0
Tuesday 11 Sep 2012 15:39

اہل تشیع افراد کا قتل عام کیا جارہا ہے، الطاف حسین کی طاہر اشرفی سے فون پر گفتگو

اہل تشیع افراد کا قتل عام کیا جارہا ہے، الطاف حسین کی طاہر اشرفی سے فون پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جو دہشت گرد عناصر پاکستان کی دفاعی تنصیبات پر حملے کر رہے ہیں، سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوج اور سیکوریٹی فورسز کے جوانوں کوذبح کر رہے ہیں اور فرقہ وارانہ قتل کر رہے ہیں وہ پاکستان کے دوست نہیں بلکہ کھلے دشمن ہیں اور تمام محب وطن جماعتوں اور عوام کو ایسے عناصر کے خلاف متحد ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو بین الاقوامی سطح پر ملت اسلامیہ کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، اس کے خلاف طاقت استعمال کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کو داخلی طور پر غیر مستحکم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی تنصیبات پر حملے کئے جارہے ہیں، خودکش حملوں اور بم دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو تباہ کیا جا رہا ہے، فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی جا رہی ہے، اہل تشیع افراد کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر مسلم پاکستانی شہریوں کو زیادتیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ پاکستان کو تباہ کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے، ہم پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں اور دنیا میں اسلام اور پاکستان کا صحیح امیج پیش کرنا چاہتے ہیں۔ الطاف حسین نے علامہ طاہر اشرفی کو ایم کیو ایم کی کوششوں کے نتیجے میں تمام فقہوں اور مسلکوں سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام پر مشتمل اتحاد بین المسلمین فورم کے قیام اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر علامہ طاہر اشرفی نے الطاف حسین کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملت کے اتحاد کا جو تصور پیش کیا ہے آج پاکستان اور پوری ملت کو اسی تصور کی ضرورت ہے، اس مشن میں میں آپ کے ساتھ ہوں، ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ایسا نظام ہو کہ جہاں تمام فقہوں، مسلکوں اور مذاہب کے ماننے والے عوام امن و سکون سے رہ سکیں اور سب ایک دوسرے کا احترام کریں۔ الطاف حسین نے مذہبی رواداری کے سلسلے میں علامہ طاہر اشرفی کی کوششوں کو سراہا اور ان کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 194131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش