0
Wednesday 26 Sep 2012 21:05

امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے،فضل کریم

امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ کراچی کا مختصر دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر ائیرپورٹ پر کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ 28 ستمبر کو ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں عوام سے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حلف لیا جائے گا اور گستاخانہ فلم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی، اس روز ملک بھر میں علمائے کرام ناموسِ رسالت کو خطباتِ جمعہ کا عنوان بنائیں گے، تحریک ناموسِ رسالت کو بدنام اور ناکام کرنے کے لیے امریکی لابی متحرک ہو چکی ہے، چند پرتشدد واقعات کو اچھالنے والے امریکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لاکھوں افراد کے ہزاروں پرامن جلوسوں کو نظرانداز کر کے توڑپھوڑ کے واقعات پر واویلا کرنا ناانصافی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ گستاخانہ فلم کی وجہ سے امریکہ کے خلاف نفرت عالمی لہر میں تبدیل ہو چکی ہے، امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے، تحریک ناموسِ رسالت میں شرکت ہر مسلمان پر فرض ہے، عدلیہ کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کرنے والے رسول اللہ(ص) کی ناموس کے لیے باہر کیوں نہیں نکلے،تحریک ناموسِ رسالت کے سلسلے میں مصلحتوں کا شکار ہونے والے سیاستدانوں کو قوم ووٹ نہیں دے گی۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرنے والے حکمران دو سال گزرنے کے باوجود عافیہ صدیقی کو رہا نہیں کرا سکے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ صدر پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گستاخانہ فلم کے خلاف آواز بلند کر کے قوم کے جذبوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ گستاخانہ فلم پر پابندی نہ لگا کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں اشتعال اور بدامنی پھیل رہی ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عالمی برادری امریکہ پر دباؤ ڈالے کہ وہ آزادئ اظہار کے نام پر توہینِ رسالت کے واقعات کو روکنے کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو سزا ملنے تک پوری قوت کے ساتھ احتجاجی تحریک کو جاری رکھا جائے گا، اس حوالے سے کسی طور پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور کشیدگی میں بھی امریکہ ملوث ہے اور وہاں حالات خراب کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 198863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش