0
Wednesday 10 Oct 2012 13:31

مسائل کا خاتمہ میری اولین ترجیحات ہیں، سید ہاشم رضا زیدی

مسائل کا خاتمہ میری اولین ترجیحات ہیں، سید ہاشم رضا زیدی
اسلام ٹائمز۔ کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری کے لئے اقدامات اور مسائل کا خاتمہ میری اولین ترجیحات ہیں اور اس سلسلے میں وہ ہر مرحلے پر اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے تاکہ مل جل کر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد حضرت عبد اللہ شاہ غازی کی مزار کے دورے کے موقع پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ساوتھ مصطفی جمال قاضی، ڈائریکٹر میڈیا محمد شبیہ صدیقی کے علاوہ پولیس اور ریونیو افسران بھی موجود تھے۔
 
کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ حضرت عبد اللہ شاہ غازی کے مزار کے اطراف تمام تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ناپسندیدہ سرگرمیوں کو فوری بند کروایا جائے تاکہ مزار کے تقدس کو بحال کرنے کے ساتھ ماحول کو بہتر بنایا جائے، انہوں نے مزار کے اطراف تجاوزات اور منشیات فروشی اور نشئی افراد کی بڑی تعداد میں موجودگی پر مزار کے انچارج پنھل خان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعیناتی کا عرصہ دریافت کیا اور گذشتہ 4 سال سے مزار پر تعیناتی کے حوالے سے کہا کہ تمام ناپسندیدہ عناصر اور سرگرمیوں کی ذمہ دار مزار کی انتظامیہ ہے کیونکہ اگر وہ چاہتے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے منشیات فروشی، تجاوزات کا خاتمہ، نشئی افراد کی بڑی تعداد مزار کے اردگرد موجودگی کو ختم کر سکتے تھے۔

سید ہاشم رضا زیدی نے موقع پر موجود پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزار کی سیکورٹی پلان کو مزید موثر بنائیں اور مزار کے گرد ناپسندیدہ سرگرمیوں کو بند کروائیں۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر کراچی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے ترقیاتی منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا بھی جلد از جلد خاتمہ کیا جائیگا، تاہم اس سلسلے میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دی جاسکتی۔ ہاشم رضا زیدی نے مزید کہا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس ہوں یا تجاوزات قائم کرنے والے افراد دونوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اس میں ملوث متعلقہ اداروں اور افسران کے خلاف بھی قانون کے مطابق کاروائی کی جائےگی، قبل ازیں کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر ساوتھ کے ہمراہ مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 202038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش