0
Wednesday 1 Jan 2014 23:19

زائرین کی بس پر خودکش حملہ نواز حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

زائرین کی بس پر خودکش حملہ نواز حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ نئے سال کے آغاز پر حکومتی نااہلی کے نئے دور کا بھی آغاز ہوگیا ہے، کوئٹہ میں زائرین کی بس پر خودکش حملہ نواز حکومت کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، جو حکمران نہتے عوام کی جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتے انہیں مسند اقتدار پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں، ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، ہمارا صبر حکومت کو مہنگا پڑے گا، وزیراعلٰی بلوچستان ہوش میں آجائیں، رئیسانی کو گھر گئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا، درندہ صفت دہشت گردوں نے خواتین اور معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ کے نزدیک زائرین کی بس پر ہونے والے خودکش حملے کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سال 2013ء کا اختتام اور سال 2014ء کا آغاز ہمیں خاک و خون نہلا کر کیا گیا، گذشتہ تیس سال میں ہمارے ہزاروں بے گناہ لوگوں کو کافر کا نعرہ لگا کر شہید کیا گیا، مرد و خواتین کے ساتھ ساتھ معصوم بچے بھی بربریت کی بھینٹ چڑھائے گئے، کبھی شناختی کارڈ دیکھ کر ہمارے ہم مسلک و ہم عقیدہ لوگوں کو بسوں سے اتار اتار کر مارا گیا، اتنے مصائب کا سامنا کرنے کے باوجود ہم نے کبھی ریاست، فوج، حکومت کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا، حکومت نے ہمیشہ ہماری حب الوطنی پر شک کیا، ہمارے اوپر ہونے والے مظالم پر زبان کھولتے ہوئے حکمرانوں کو شرم آتی ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ڈاکٹر عبدالمالک ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم کبھی نہ ختم ہونے والے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیں، جو حکمران دہشت گردوں سے خوف کھاتے ہوں، انہیں بھتہ دیتے ہوں، لاشوں کے بدلے انہیں مستقل مذاکرات کی دعوت دیتے ہوں، عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کے بس کی بات نہیں، ایسے تمام حکمران اقتدار کو خیرباد کہہ کر وزیرستان منتقل ہوجائیں، ان خوفزدہ حکمرانوں کی مظلوم عوام کو نہیں دہشت گردوں کو زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے لیکر گلگت تک اور کوئٹہ سے لیکر پاراچنار تک دہشت گردی کے مراکز موجود ہیں، جب تک دہشت گردوں کے مراکز کو تباہ نہیں کیا جائے گا، شہریوں کے ہنستے بستے گھر تباہ ہوتے رہیں گے، غیر ملکی ایجنسیوں سے فنڈز لے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اٹھارہ کروڑ عوام ان خائن حکمرانوں سے مایوس ہوچکے ہیں، پاک فوج اپنا قومی کردار ادا کرے اور عوام کو دہشت گردوں کے اس بے قابو جن سے نجات دلائے۔
خبر کا کوڈ : 336507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش