0
Thursday 9 Jan 2014 15:24

کوئی اس وہم کا شکار نہ ہو کہ ہم جنیوا 2 کانفرنس میں اقتدار اس کے حوالے کر دیں گے، فیصل مقداد

کوئی اس وہم کا شکار نہ ہو کہ ہم جنیوا 2 کانفرنس میں اقتدار اس کے حوالے کر دیں گے، فیصل مقداد
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق شام کے نائب وزیر خارجہ جناب فیصل مقداد نے کہا ہے کہ کوئی اس وہم میں مبتلا نہ ہو کہ ہم جنیوا 2 کانفرنس میں ملک کے باگ ڈور اس کے حوالے کر دیں گے۔ انہوں نے یہ بات اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ جناب حسین امیر عبدالاہیان سے ملاقات کے دوران کہی۔ جناب فیصل مقداد نے جنیوا 2 کانفرنس میں شرکت کیلئے شام حکومت کی بھرپور آمادگی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صرف شامی عوام ہی ملک کے سیاسی مستقبل کا آخری فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
 
شام کے نائب وزیرخارجہ نے حکومت مخالف مسلح دہشت گرد گروہوں کی جانب سے بیگناہ عام شہریوں کے خلاف انجام پانے والے مجرمانہ اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تکفیری دہشت گرد عناصر کی حمایت کرنے والے ممالک کو ان دہشت گردانہ اقدامات کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے شام کے عوام کو دی جانے والی مالی امداد اور شام حکومت کی سفارتی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے شام میں بحران پیدا ہونے کی ابتدا سے ہی شامی عوام کی حمایت جاری رکھی ہے اور شام میں بدامنی اور قتل و غارت کی مخالفت کی ہے۔ 
 
جناب فیصل مقداد نے شام میں جاری بحران کے حل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو انتہائی ضروری اور بنیادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں شام اور ایران کے درمیان بہت اچھا تعاون اور ہماہنگی پائی جاتی ہے اور شام ہر حال میں اور ہمیشہ ایران کی حمایت اور مشوروں سے فائدہ اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ دنیا کی کوئی طاقت شام اور ایران کے درمیان موجود برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو متزلزل نہیں کر سکتی۔ 
 
ایران کے نائب وزیرخارجہ جناب امیر عبدالاہیان نے بھی جنیوا 2 کانفرنس کے آستانے پر شام اور ایران کے درمیان سفارتی سرگرمیوں کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے بحران سے متعلق صرف ایسے سیاسی راہ حل کی حمایت کرے گا جس کا منشا صرف شامی عوام ہوں گے اور شام کے معاملات میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت کا شدید مخالف ہے۔ انہوں نے شام اور خطے میں جنم لینے والی دہشت گردی کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔ جناب امیر عبدالاہیان نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ شامی عوام اور حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنیوا 2 کانفرنس میں شرکت کی دعوت کو صرف اس صورت میں قبول کرے گا جب وہ غیرمشروط طور پر پیش کی جائے گی۔ 
خبر کا کوڈ : 339251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش