0
Wednesday 12 Feb 2014 22:36

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تمام یونین کونسلز سے امیدوار سامنے لائینگے، ناصر عباس شیرازی

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تمام یونین کونسلز سے امیدوار سامنے لائینگے، ناصر عباس شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ملک کو بچانے کے لیے ہم نے طویل جنگ لڑنی ہے۔ فوج دہشت گردوں کیخلاف فوری ایکشن لے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ ملک بھر میں طالبائزیشن کے مقابلے میں عوامی تحریک کا آغاز متوقع ہے۔ ایک درجن سے زائد جماعتیں محب کونسل میں شامل ہونے کے لیے رسمی طور پر آمادگی کا اظہار کرچکی ہیں۔ انھوں نے کہا محب وطن قوتیں ملکر دہشت گردوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ عوام حقیقی عوامی موقف کو پھیلانے میں ہمارا ساتھ دیں، اور طالبان کی دھمکیوں کی ہرگز پروا نہ کریں۔
 
ناصر شیرازی نے کہا خیبر پختونخواہ میں منعقد ہونیوالے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے اور تمام یونین کونسلز سے اپنے امیدوار سامنے لائینگے۔ انھوں نے کہا صوبے میں ملت تشیع کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اہل تشیع کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے۔ انھوں نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے شیعہ نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال پر ہمیں تشویش ہے۔ خیبر پختونخواہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امن وامان کو کنٹرول میں لائے۔ وطن عزیز میں ایک مرتبہ پھر مذاکرات کے نام پر وطن دشمنوں کو تقویت دینے کے گھناؤنے کھیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آٹھ ماہ کے تلخ تجربات کہ جس میں مذاکرات کی غیرمشروط پیشکش کا اتنا مہلک جواب ملا کہ ملک کی بنیادیں ہل کر رہ گئیں۔ سکیورٹی اداروں، زائرین، غیرمسلم شہریوں، عام شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ جیلیں توڑی گئیں۔ ملا برادر کو ماورائے عدالت رہا کیا گیا۔ اس المناک تباہی کے بعد ایک دفعہ پھر مذاکرات کے نام پر وطن کی سالمیت اور شہداء کے پاک خون کو بیچنے کے ناپاک عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔ دہشتگردوں نے قبل از وقت مذاکرات اپنے سینکڑوں ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مذاکرات کے پردے میں مذہب کے نام پر ملک میں تباہ کن تبدیلیاں مقصود ہیں۔ جن کا ہدف طالبان کو حکومت میں شریک کرنا اور طالبان کے نظام کو قانونی شکل میں رائج کرنا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین اس تمام عمل کو پاکستان توڑنے کی عالمی سازش کا حصہ قرار دیتی ہے، اور بھرپور عوامی حمایت کیساتھ فی الفور منظم اور بھرپور فوجی کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر مولانا زاہد حسین جعفری، تہور عباس ایڈووکیٹ، آصف رضا ایڈووکیٹ اور ملک خادم حسین اعوان بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 351038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش