0
Saturday 15 Mar 2014 02:54

عوام دہشت گردی کی سیاہ رات اور بے فائدہ مذاکرات سے تنگ آ چکے ہیں،اشرف آصف جلالی

عوام دہشت گردی کی سیاہ رات اور بے فائدہ مذاکرات سے تنگ آ چکے ہیں،اشرف آصف جلالی
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ادارہ صراط مستقیم کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ایسے موڑ پر جب ملک اندرونی اور بیرونی سازشوں میں گھرا ہوا ہے شانِ رسولﷺ کانفرنس حفاظتِ ایمان اور استحکامِ پاکستان کی خاطر منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس مسائل میں گھری قوم کو واشنگٹن کی طرف دیکھنے کی بجائے گنبد خضرٰی کی طرف متوجہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ آدابِ رسالت کی برکات ہی سے تمام مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔ عشقِ رسول ﷺ سے سرشار نوجوان ہی پاکستان کو اسلامی فلاحی سلطنت بنانے کا فریضہ سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دس سال سے پاکستان میں جاری نہایت بھیانک دہشت گردی نے پاکستان کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دہشت گردی کی آگ میں 7 ہزار سیکیورٹی فورسز کے جوانوں سمیت 50 ہزار سے زائد بے گناہ شہری شہید ہو ئے اور ملکی معیشت کو 70 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے آنے والے ہزاروں علماء و مشائخِ اہلسنت اور لاکھوں عوام ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردی کی سیاہ رات اور بے فائدہ مذاکرات سے تنگ آ چکے ہیں۔ پورا ملک آتش فشاں بنا ہوا ہے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے بغیر ملک میں امن وامان کا قیام محض ایک خواب ہے۔ کانفرنس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متفقہ لائحہ عمل پیش کیا جائے گا اور حالاتِ حاضرہ میں اہلسنت وجماعت کے کردار کے لحاظ سے نہایت اہم اعلان کیا جائے گا۔ ادھر روزانہ شانِ رسول ﷺ کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اخبارات میں 295c کے بارے میں چھپنے والی امریکی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے 295c کے غلط استعمال کئے جانے کے بارے میں امریکی واویلا بالکل بے بنیاد ہے۔ کانفرنس نام نہاد روشن خیالی اور گستاخانہ کلچر کے خاتمہ کے لئے مؤثر کردار ادا کرے گی اور قانونِ ناموسِ رسالت 295C کی حفاظت کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔ اور اہل سنت و جماعت کو منظم و متحد اور بیدار کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گی۔ جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ قانونِ ناموسِ رسالت 295C میں کوئی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے۔ شانِ رسول ﷺ کانفرنس بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لئے اور مسلک و ملک کے تحفظ کے لئے جاندار کردار ادا کرے گی۔

فدایانِ ختمِ نبوت پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ شانِ رسول ﷺ کانفرنس پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والوں کو لگام دینے اور راست سمت میں لانے کے لئے سنگِ میل ثابت ہو گی، جو لوگ میڈیا پر آ کر ناموسِ رسالت اور ختمِ نبوت کے بارے من گھڑت نظریات پیش کرتے ہیں انکے خلاف عملی جدوجہد کا آغاز ہو گا۔ تنظیم المساجد اہلسنت پاکستان کے سربراہ مفتی محمد عابد مبارک نے کہا کہ ہماری منزل اہلسنت کا اتحاد اور اہلسنت کو بیدار کرنا ہے۔ شانِ رسول ﷺ کانفرنس سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ شانِ رسول ﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں ہم بالکل مطمئن ہیں کانفرنس کے پوسٹر اور فلیکس بڑی بے دردی سے اتارے جا رہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اور بتا دینا چاہتے ہیں کہ ایسے ہتھکنڈوں سے حق کو دبایا نہیں جا سکتا۔ تیاریوں کے آخری راؤنڈ کے طور پر ملک بھر میں شانِ رسول ﷺ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیے گئے ۔ دوسرے صوبوں سے گزشتہ کل سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔ اندرون و بیرونِ ملک سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سٹیج اور پنڈال کی تیاریوں کا سلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے، سیکیورٹی کے لئے ادارہ صراطِ مستقیم کے یوتھ ونگ ’’الغالبون ‘‘ کے چاک و چوبند دستوں نے پوزیشنیں سنبھال لی ہیں اور ریلوے سٹیڈیم کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ چیکنگ کے لئے تین مقامات پر چوکیاں بنا دی گئی ہیں۔ واک تھرو گیٹ اور کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں۔ 15 مارچ ہفتہ کو نمازِ عصر کے بعد گڑھی شاہو ریلوے سٹیڈیم میں شہداء ناموس رسالت اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے عوام اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی ارواح کو ایصالِ ثواب کرنے کے لئے اور شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کے لئے قرآن خوانی کی جائے گی۔ اس موقع پر شاہ محمد اویس نورانی صدیقی جنرل سیکرٹری جمیعت علماء پاکستان، مولانا خادم حسین رضوی امیر فدایانِ ختمِ نبوت پاکستان، مفتی محمد عابد مبارک سربراہ تنظیم المساجد اہلسنت پاکستان، پیر محمد اقبال ہمدمی امیر ادارہ صراطِ مستقیم پاکستان لاہور ڈویژن، مولانا غلام مرتضیٰ نورانی امیر ادارہ صراطِ مستقیم پاکستان کراچی، مولانا محمد صدیق مصحفی امیر ادارہ صراطِ مستقیم پاکستان ضلع لاہور، پیر سید اصضر علی شاہ امیر صراطِ مستقیم علماء کونسل لاہور، مولانا محمد عبدالکریم جلالیؔ امیر جلالیہ علماء فورم، مولانا محمد فیاض وٹو امیر الغالبون بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 361853
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش