0
Friday 6 Jun 2014 22:42

قبائلی علاقوں میں امریکہ کے اشاروں پر آپریشن شروع کر کے امن و امان کو تباہ کیا گیا، لیاقت بلوچ

قبائلی علاقوں میں امریکہ کے اشاروں پر آپریشن شروع کر کے امن و امان کو تباہ کیا گیا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرے یہ ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے مسائل بڑھتے ہیں۔ قبائلی عوام پاکستان کے شہری اور محب وطن ہیں۔ غلط حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے قبائلی عوام میں احساس محرومی بڑھ گیا ہے۔ کشمیرکو آزاد کرانے میں قبائلیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ قبائلی علاقوں میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں امریکہ کے اشاروں پر آپریشن شروع کرکے امن و امان کو تباہ کیا گیا۔ اس آپریشن کے اثرات پورے ملک میں محسوس کئے جارہے ہیں۔ قبائلی عوام کو اعتماد میں لے کرقبائلی روایات کے مطابق جرگوں کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف امریکہ کی جنگ کو پاکستان کے اندر لے آئے۔ مشرف جیسے غداروں نے مسائل کا حل گولی کے ذریعے نکالنے کی کوشش کی جس کے خطرناک نتائج بر آمد ہوئے اور آج پورے ملک کے عوام بالعموم اور قبائلی عوام بالخصوص جنرل مشرف کی بھڑکائی ہوئی آگ میں جل رہے ہیں۔ جنگوں اور آپریشنوں سے ہزاروں قبائل شہید، ہزاروں معذور اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ مزید آپریشن بند کرکے قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے اور امن مذاکرات کو برقراراور مؤثر کیا جائے۔ تمام قبائلی متاثرین کو خصوصی مالی پیکج دیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو باعزت طور پر ان کے گھروں میں پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ قبائلی افراد کو بازیاب کراکر فوری طور پر عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے اور تمام بے گناہ قبائلی فی الفور رہا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کا اختیار فاٹا تک بڑھایا جائے اور آئین کے آرٹیکل 247میں ترمیم کرتے ہوئے قبائلی عوام کو آئینی، جمہوری اور قانونی حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام بھی پاکستان کے شہری ہیں ان کو بھی ملک کے دیگر شہریوں کی طرح حقوق دئے جائیں۔ فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کا فوری طور پر اعلان کیا جائے تاکہ وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات مل سکیں۔
خبر کا کوڈ : 389756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش