0
Thursday 19 Jun 2014 11:09

بھارت انسانی دائرے میں مسئلہ کشمیر حل کرنے میں ناکام، سید علی گیلانی

بھارت انسانی دائرے میں مسئلہ کشمیر حل کرنے میں ناکام، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے بزرگ آزادی پسند لیڈر اور حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت پر مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر اپنی ہٹ دھرمی پالیسی جاری رکھنے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے سمیت انسانیت کے دائرے میں رہ کر اقدامات شروع کرنے چاہئیں، علی گیلانی نے کہا کہ نئی دہلی میں آنے والی حکومتیں سابق وزیراعظم ہند اٹل بہاری واجپائی کے ”انسانیت کے دائرے میں کشمیر مسئلہ کا حل“ نکالنے میں ابھی تک ناکام ہوئے ہیں، حیدرپورہ سرینگر میں عطیہ خون کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی گیلانی نے کہا کہ ”جب اٹل بہاری واجپائی نے مسئلہ کشمیر انسانیت کے دائرے میں رہ کر حل کرنے کی بات کہی تو اس وقت سبھی نے اس کی سراہنا کی لیکن نہ تو خود واجپائی اور نہ ہی ان کے مابعد آنے والی حکومتوں نے اپنے قول و فعل کے تضاد کو ختم کرنے کی کوشش کی اور ابھی تک بھارت اپنے روایتی ہٹ دھرمی کی پالیسی پر گامزن ہے، حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کشمیر مسئلہ کے حل میں تاخیر کا خمیازہ کشمیری عوام کو گذشتہ کئی دہائیوں سے بھگتنا پڑرہا ہے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں سے کشمیری عوام کو مسلح فورسز کے ہاتھوں مارا جارہا ہے اور یہ خوبصورت وادی بیواؤں اور یتیموں سے بھری جار ہی ہے اور بھارت کشمیر کو اپنی ہٹ دھرمی کی بنا پر یرغمال بنائے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ اور اسکے حل میں تاخیر کی وجہ سے اقتصادی، سماجی اور انسانی پہلو بھی اپنی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر اشو کا حل لازمی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرارداوں اور انسانیت کے دائرے کے مطابق نکالنے کیلئے اقدامات کرے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر کوئی فرقہ واریت کا مسئلہ ہے اور نہ ہماری بھارت یا یہاں کے باشندوں کے ساتھ کوئی دشمنی ہے، انسانیت کا احترام کرنا ہمارے دین کا لازمہ ہے اور ہم ہر مذہب کے ماننے والوں، یہاں تک کہ ملحدوں کو بھی انسانی رشتے کے اپنے بھائی مانتے ہیں۔ انسانی زندگی ہمارے نزدیک سب سے محترم شئی ہے اور کسی بھی انسان کی ناحق جان لینا ہم پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف جُرم مانتے ہیں، اس موقعے پر علی گیلانی نے پاکستان کا کشمیر ایشو کے حوالے سے اپنے تعلق اور سنجیدگی دکھانے پر شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 393310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش