0
Wednesday 29 Apr 2009 12:57

پنجاب حکومت سے فی الحال الگ نہیں ہوں گے : پیپلز پارٹی ۔۔۔ مسلم لیگ ن کو وفاقی حکومت میں دوبارہ شمولیت کی دعوت، وزیراعظم ریلیشن شپ بہتر بنائیں

پنجاب حکومت سے فی الحال الگ نہیں ہوں گے : پیپلز پارٹی ۔۔۔ مسلم لیگ ن کو وفاقی حکومت میں دوبارہ شمولیت کی دعوت، وزیراعظم ریلیشن شپ بہتر بنائیں
  اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو ملک میں سیاسی و جمہوری اداروں کے استحکام اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے وفاقی حکومت میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے پنجاب حکومت سے فوری طور پر علیحدگی اختیار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ یہاں ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور وفاقی وزراء کے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب کے مطابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی مفاہمت کی پالیسی جاری رکھے گی اور مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اپنے 30 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی حکومت سے علیحدگی کے فیصلہ پر نظرثانی کرے اور کابینہ میں واپس آئے تاکہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو استحکام حاصل ہو اور مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ اے این این کے مطابق صدر زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے کا اختیار وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کو د ے دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف اس صورت میں پنجاب حکومت سے علیحدگی اختیار کرے گی جب مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کا کوئی راستہ نہ نکل سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ہمیں قومی سلامتی اور ملک کے استحکام کیلئے اہم فیصلے کرنا ہونگے۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے پنجاب حکومت میں رہنے کی حمایت کی جبکہ صوبائی اراکین اسمبلی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ یہ وقت اتحاد کا ہے اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا جائے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم آئندہ چند دنوں میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے تاہم پیپلزپارٹی،حکومت پنجاب میں واپس آنے کیلئے وزیراعلیٰ کو چند شرائط پیش کرے گی جن میں پیپلزپارٹی کا 40فیصد کوٹہ یقینی بنانا، وزرا کو بااختیار بنانا اور مجالس قائمہ کی چیئرمین شپ کوٹہ کے مطابق دینا شامل ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں تعلقات کار بہتر بنانے کے بعد پنجاب میں انتظامی سطح پر تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو شریف برادران اور حکومت پنجاب کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے۔ 

خبر کا کوڈ : 3946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش