0
Thursday 9 Jun 2011 07:14

کراچی، واقعے کی فوٹیج میڈیا پر آنے کے بعد صحافی کے بھائی کو قتل کرنے والے دو رینجرز اہلکار گرفتار

کراچی، واقعے کی فوٹیج میڈیا پر آنے کے بعد صحافی کے بھائی کو قتل کرنے والے دو رینجرز اہلکار گرفتار
کراچی:اسلام ٹائمز۔ کراچی میں بینظیر پارک میں بدھ کی دوپہر رینجرز نے فائرنگ کرکے صحافی کے بھائی سرفراز شاہ کو قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتول کے لواحقین بوٹ بیسن تھانے پہنچ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر مقتول کے لواحقین نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے پہنچ کر دھرنا دے دیا، پولیس نے رینجرز اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔ یہ واقعہ بدھ کو دوپہر دو بجے بوٹ بیسن کے علاقے میں بینظیر بھٹو پارک میں پیش آیا۔ اس واقعے کی فوٹیج میڈیا پر آ گئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ رینجرز کے اہلکار اس شہری پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ یہ بھی نظر آ رہا ہے کہ شہری رینجرز اہلکاروں کو کچھ سمجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ادھر رینجرز نے موقف اختیار کیا ہے کہ تین افراد بینظیر بھٹو پارک میں لوٹ مار کر رہے تھے۔ اسی دوران رینجرز اہلکار وہاں پہنچے اور مزاحمت پر نوجوان مارا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے میت سمیت وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جو رینجرز اہلکاروں کے خلاف مقدمے کے اندراج اور گرفتاری کے بعد ختم کر دیا گیا۔
فوٹیج نشر ہونے کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا، وزیرداخلہ رحمان ملک نے بھی رینجرز کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے رینجرز اہلکار کو سزا ملے گی اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا ہے، رینجرز اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ کرنا غلط تھا۔ رحمان ملک نے کہا کہ رینجرز اہلکاروں کا نوجوان کو قتل کرنا غیرقانونی تھا۔
خبر کا کوڈ : 77700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش