0
Sunday 9 Oct 2011 00:48

کابل کا امریکا سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ

کابل کا امریکا سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ
کابل:اسلام ٹائمز۔ کابل نے امریکا سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کر دیا، افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی ایلچی مارک گراسمین سے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مزید سخت رویہ اپنایا جائے، تاکہ مثبت نتائج سامنے آسکیں۔ امریکا کے نمائندہ خصوصی مارک گراسمین نے کابل میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی۔ افغان صدر نے مارک گراسمین سے مطالبہ کیا کہ پاکستان پر دباؤ بڑھایا جائے تاکہ مثبت نتائج سامنے آسکیں، انہوں نے دعویٰ بھی کیا کہ افغانستان میں سرحد پار دہشتگردوں کی کارروائیاں جاری ہیں، جس سے افغان عوام میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ جس پر امریکی نمائندے نے حامد کرزئی سے وعدہ کیا کہ پاکستان پر دباؤ جاری رکھیں گے۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق مارک گراسمین خطے کے دورے پر ہیں جس کا مقصد افغانستان پر عالمی کانفرنسز کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ دوسری جانب امریکی فوج نے افغان پولیس کی تربیت کا کام تیز کر دیا ہے، تاکہ سیکورٹی کی ذمے داری جلد از جلد منتقل کی جاسکے۔
دیگر ذرائع کے مطابق افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی ایلچی مارک گراسمین سے پاکستان پر شدت پسندوں کیخلاف عملی اقدامات کیلئے دباوٴ بڑھانے پر اصرار کیا ہے۔ افغان صدارتی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ صدر حامد کرزئی نے افغان ایلچی مارک گراسمین سے کابل میں ملاقات کی، صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مستقبل میں مذاکرات کے مثبت نتائج ملنے چاہئے۔ انھوں نے امریکی ایلچی کو پاکستان پر دباوٴ بڑھانے کی درخواست کی۔ صدارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی ایلچی گراسمین نے امریکا کے پاکستان پر شدت پسندوں کے خلاف عملی اقدامات کے لیے دباوٴ برقرار رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ صدر کرزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خودکش حملوں اور دہشتگردی کے واقعات سے افغان شہروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ کابل میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی ایلچی مارک گراسمین افغانستان کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 104781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش