0
Sunday 12 May 2024 10:36

سولر پینلز کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئیں

سولر پینلز کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئیں
اسلام ٹائمز۔ ملک میں وسیع پیمانے پر درآمدات اور کھپت کی نسبت رسد بڑھنے سے سولر پینلز کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئیں۔ سولر پینلز کی قیمتوں میں 15 سے 25 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جس سے مقامی مارکیٹ میں صارفین کے لیے تاریخ کی کم ترین سطح پر سولر پینلز کی دستیابی ممکن ہوگئی ہے۔ معروف برانڈز کے سولر پینلز کے درآمد کنندہ فیصل باوانی نے بتایا کہ کھپت کی نسبت رسد بڑھنے سے گذشتہ چار ماہ میں فی واٹ سولر پینل کی قیمت میں 7روپے سے 13روپے کی مزید کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2023 کے دوران ملک میں 12 ہزار کنٹینرز پر مشتمل 4 گیگاواٹ سولر پینل کی درآمدات ہوئی تھیں جبکہ جنوری 2024 سے اپریل 2024 کے 4 ماہ کے دوران ملک میں یکدم  22 ہزار 500 کنٹینرز پر مشتمل 7.5 گیگاواٹ سولر پینلز درآمدات کی گئیں جس سے مقامی مارکیٹ میں مختلف اقسام کے سولر پینلز کی فی واٹ قیمتیں 45 روپے اور 53 روپے سے گھٹ کر 38 روپے اور 40 روپے کی سطح پر آگئی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ چین سے امریکا یورپی ممالک اور بھارت کی سولر پینلز کی درآمدات روکنا اور چین کی جانب سے فی واٹ سولر پینل کی قیمت 1.5 سے 2سینٹس کی کمی بھی ہے۔ فیصل باوانی نے بتایا کہ چین اپنے تیار شدہ سولر پینلز کے ذخائر کو آف لوڈ کرنے کے ساتھ ایچ جے ٹی ٹیکنالوجی کے حامل نئے ورژن کے 610، 650 اور 670 واٹ کے نئے پینلز کی مینوفیکچرنگ کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ماہوار 2 ہزار کنٹینرز سولر پینلز کی کھپت ہے۔ فیصل باوانی نے بتایا کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں اگرچہ کمی کا رحجان ہے لیکن سولر انورٹرز کی قیمتیں بدستور مستحکم ہیں اور فی الوقت 3 سے 4 کے وی اے کے انورٹر کی قیمت 80 ہزار سے 1 لاکھ 20 ہزار روپے ہے، 5 سے 6 کے وی اے کے انورٹر کی قیمت ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے ہے جبکہ 10 کے وی اے کے انورٹر کی قیمت ڈھائی لاکھ سے 3 لاکھ 25 ہزار روپے ہے۔
خبر کا کوڈ : 1134489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش