0
Tuesday 15 May 2012 23:53

آئی اے ای اے کے ساتھ گذشتہ روز کے مذاکرات مفید اور تعمیری رہے، علی اصغر سلطانیہ

آئی اے ای اے کے ساتھ گذشتہ روز کے مذاکرات مفید اور تعمیری رہے، علی اصغر سلطانیہ
اسلام ٹائمز۔ ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے علی اصغر سلطانیہ نے ایران اور آئی اے ای اے کے مذاکرات کو مفید قرار دیا ہے۔ علی اصغر سلطانیہ نے آج ویانا میں آئی اے ای اے کے ہیڈکوارٹر میں ایران اور ایٹمی انرجی کے دوسرے دور کے مذاکرات کے آغاز کے موقع پر کہا کہ گذشتہ روز کے مذاکرات مفید اور تعمیری رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات مثبت فضا میں جاری ہیں۔

یاد رہے اسلامی جمہوریہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان گذشتہ روز سے مذاکرات شروع ہوئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمشیہ آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہے اور اسی تعاون کی اساس پر آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں نے متعدد مرتبہ ایران کی ایٹمی سائٹوں کا معائنہ کرکے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام میں قانون سے کسی طرح کا انحراف نہیں پایا جاتا۔ علی اصغر سلطانیہ  نے کہا کہ مذاکرات کا سب سے پہلا موضوع ایران کے جوہری پروگرام کے عسکری پہلو سے متعلق وضاحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مغربی سفارتکاروں اور ماہرین کے مطابق ویانا میں ہونے والی دو روزہ نشست اٹامک انرجی کے موقف پر ایران کی نیت کو جاننے کا ایک اچھا موقع تھا۔ 

دوسری جانب جوہری توانائی کے نگراں ادارے آئی اے ای اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ایرانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ معائنہ کاروں کی ٹیم کے لیے اپنی ایٹمی تنصیبات سے متعلق معلومات، متعلقہ افراد اور مقامات تک رسائی کو یقینی بنائے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نیک ہرٹس ہرمن نے ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تہران حکومت سے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اہم معاملات پر بات چیت کی جائے۔ 

انہوں نے کہا ہمارے ان دو روزہ مذاکرات کا مقصد ایک ایسے لائحہ عمل پر اتفاق کرنا ہے جس کی بدولت تہران حکومت سے تمام تصفیہ طلب پہلوئوں کی وضاحت حاصل کرنا ہے۔ ہماری اولین ترجیح ایران کے جوہری پروگرام کے عسکری پہلو سے متعلق وضاحت ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی نمائندوں اور آئی اے ای اے کے درمیان رواں سال کے آغاز سے اب تک دو مرتبہ مذاکرات ہو چکے ہیں لیکن ان میں کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکل پایا۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا مطالبہ ہے کہ اسے ایرانی سرزمین پر ملٹری کے ان حساس مقامات پر معائنے کی اجازت دی جائے جہاں مشتبہ طور پر ایٹمی ہتھیاروں کی ریسرچ کا کام ہوا ہے۔ ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل کا اگلا مرحلہ رواں ماہ کی ۲۳ تاریخ کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 162312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش