0
Monday 28 May 2012 02:49

سندھ میں لاپتہ افراد کی فہرست میں اضافہ باعث تشویش ہے، جماعت اسلامی

سندھ میں لاپتہ افراد کی فہرست میں اضافہ باعث تشویش ہے، جماعت اسلامی

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سکریٹری سید راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں گذشتہ 64 سالوں سے خوبصورت نعروں، خوبصورت لباس اور تقریروں کے سوا عوام کو کچھ بھی نہیں مل سکا ہے، 54 فیصد پاکستان ہم سے جدا اور باقی ماندہ ملک اس وقت غلامی کے دلدل میں بری طرح سے پھنس چکا ہے، جبکہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ اس وقت محرومیوں، غیروں کی سازشوں اور اپنوں کی غلطیوں کی وجہ سے رستا ہوا ناسور بن چکا ہے، بلوچستان کے بعد سندھ کے اندر بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں مسلسل اضافہ اور گم شدہ افراد کی لاشیں ملنے کی وجہ سے ریاست کیخلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری سابق اور موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد الحرمین ضلع شرقی میں جماعت اسلامی کے تحت رابطہ عوام مہم کے سلسلے منعقدہ اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی اور مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

راشد نسیم نے مزید کہا کہ مغرب کے غلام حکمران ملک میں کوئی تبدیلی برپا نہیں کرسکتے، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے ملک کو لوٹنے اور مملکت خداداد کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے بعد اب نواز شریف تبدیلی کے نعرے کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عالمی پیمانے پر تبدیلی لانے والی پارٹیاں اور شخصیات نے امانت، دیانت اور کرپشن فری معاشرہ قائم کرنے کے نعرے کے تحت کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ ہمارے ملک میں ساٹھ سالوں سے قابض ٹولے مسلط ہیں، جن کے تمام تر مفادات مغرب کی غلامی اور سود کے نظام کو مستحکم کرنے میں پنہاں ہے، اس لئے ان لوگوں سے کسی قسم کی بھلائی اور تبدیلی کی توقع رکھنا فضول ہے۔ ملک میں تبدیلی صرف جماعت اسلامی کے منشور اللہ، محمد اور قرآن کے تین نشان کے ذریعے ہی لائی جاسکتی ہے، جس کیلئے جماعت اسلامی جدوجہد میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قرآن مساجد اور مدرسوں میں رکھنے کیلئے نہیں بلکہ زمین پر اقتدار کرنے کیلئے اتارا گیا ہے، محمد ص نے قرآن کی حکومت کو زمین پر قائم اور مدنی ریاست کا نمونہ پیش کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ جب تلک مسلمان قرآن و سنت اور اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں پر اپنی زندگیوں اور نظام حکومت کو چلاتے رہیں گے، اس وقت تک دنیا کی کوئی بھی طاقت ان پر غلبہ حاصل نہیں کرسکتی۔ تاریخ اس بات پر گواہ ہے کہ جب تک مسلمانوں نے قرآن اور محمد ص کی سنت کی پیروی کی وہ عرب اور عجم کے حکمران رہے اور اسلام پوری دنیا پر غالب ہوچکا تھا، لیکن جب مسلمانوں نے ان تین نشانوں کو چھوڑ کر مغرب کی غلامی اور دنیا کے خداﺅں کے دیئے ہونے نظام کو اپنایا تو وہ دنیا میں پستیوں کے شکار، ذلیل و خوار ہوگئے، پسماندگی، غربت اور ظالم و کرپٹ حکمران ان پر مسلط کردیئے گئے۔

راشد نسیم کا کہنا تھا کہ اس لئے جماعت اسلامی کا یہ اعلان ہے کہ اگر دنیا اور آخرت میں کامیابی اور کامرانی چاہتے ہو تو کلمے والے پرچم تلے جمع اور اللہ، محمد اور قرآن کے بتائے ہوئے اصولوں کی پیروی کرو۔ زمین پر اللہ کی حاکمیت کو بحال اور قرآن کو اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں نافذ کرنے کے نتیجے میں دنیا کے سارے خداﺅں کو مسلمانوں کے زیر نگیں کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر تحریک پاکستان کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا جس کے نتیجے میں ملک میں ایک بابرکت اسلامی انقلاب برپا ہوگا۔ اسلامی فلاحی ریاست کے وجود میں آنے سے ملک میں غربت، مہنگائی، کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ جبکہ ظالم حکمرانوں سے نجات ملے گی۔

خبر کا کوڈ : 166156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش