0
Tuesday 4 Dec 2012 18:46

امریکا اور اس کے حواریوں کو ملک بدر کرکے ہی دم لیں گے، سراج الحق

امریکا اور اس کے حواریوں کو ملک بدر کرکے ہی دم لیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعتِ اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی مقتل گاہ بناہوا ہے اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں، پاکستان میں بدامنی کی اصل وجہ امریکی موجودگی ہے، پاکستان کے عوام امریکا اور اس کے حواریوں کو ملک بدر کرکے ہی دم لیں گے۔ ڈاکٹر پرویز محمود نے پاکستان کے 18 کروڑ عوام کے لیے اپنی جان کی قربانی دی ہے، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت انو بھائی پارک میں منعقدہ شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، ضلع وسطی کے امیر فاروق نعمت اللہ، پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر سہیل عابدی اور دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر ڈاکٹر پرویز محمود کے بھتیجے سمیت جماعت اسلامی ضلع وسطی کے دیگر شہداء کارکنان عبدالرشید فاروقی شہید، تجمل شہید، سید رشید احمد شہید کے اہل خانہ بھی شریک تھے، کانفرنس سے ڈاکٹر پرویز محمود کے بڑے بھائی جاوید محمود نے امریکہ سے ٹیلیفونک خطاب بھی کیا۔

سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہادت امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہے، نبی کریم ﷺ نے بار بار جس خواہش کا اظہار اور دعا کی وہ شہادت ہی تھی۔ ڈاکٹر پرویز محمود نے پاکستان کے 18 کروڑ عوام کے لئے قربانی دی، حق بات کہنے اور ببانگ دہل باطل کو للکارنے کا جو کام کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان آزاد جب ہوگا جب امریکہ اور اُس کے حواری یہاں سے نکال باہر ہوں گے، جب کوئی انسان ملک میں بھوکا نہیں سوئیگا، جب نماز کے لئے وقت کا صدر امامت کرائیگا، ملک کے فیصلے قرآن و سنت پر مبنی ہوں گے۔ اہل کراچی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے جبر کا مقابلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں 26000 افراد شہید کئے گئے، طلبہ، تاجر، ڈاکٹر، خواتین، وکیل، جج کوئی محفوظ نہیں رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریمنڈ ڈیوس دن کی روشنی میں دو پاکستانیوں کو شہید کرنے والا عزت سے روانہ ہوجاتا ہے اور معصوم خاتون کو بگرام ایئر بیس کے فوجیوں پر حملہ کے جھوٹے الزام میں 86 سال قید کر دی جاتی ہے۔ کوئی غیرت مند حکمران ہوتا تو امریکی سفارت خانے کو چاروں جانب گھیر کر یرغمال بناکر امریکہ سے کہتا کہ پہلے عافیہ کو لاؤ تو امریکہ خود عافیہ صدیقی کو کراچی ایئرپورٹ چھوڑ کر جاتا۔ غلامان اوبامہ اور غلامان مصطفیٰﷺ کے درمیان کشمکش کا سلسلہ ہے جس میں فتح بہر حال غلامان مصطفیٰ ﷺ کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی یزیدی قوتوں کے مقابلے میں ہمیں حسینؑ کے راستے پر چلنا ہے جس پر ڈاکٹر پرویز محمود نے ہم پر سبقت حاصل کرلی اور اس راستے کی منزل جنت ہماری بھی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز محمود نے پیغام دیا ہے کہ موت کا ایک دن متعین ہے اس لئے اسے غیرت اور حمیت کے ساتھ گزارنا چاہئیے، شہادت کا راستہ ہی کامیابی کا راستہ ہے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کی یاد میں آج جمع ہوئے ہیں وہ کسی جبر کے آگے سر نہیں جھکاتا تھا، موسیٰ فرعون کے سامنے، ابراہیم نمرود کے سامنے، نبی کریم ﷺ نے قریش کے جبر کے آگے سر نہیں جھکایا، حسین ؑ کی سنت یاد دلاتی ہے کہ کبھی یزیدیت کے آگے سر نہیں جھکانا آج ہمیں یہ سنتیں پوری کرنے والا ڈاکٹر پرویز محمود نظر آتا ہے، جس نے معاشرے میں لوگوں کو ظلم کے خلاف بولنے کی زبان دی، جن لوگوں نے سوچا کہ ڈاکٹر پرویز کا قتل کہانی ختم کرے گا لیکن حقیقت یہ ہے کہ ڈاکٹر پرویز محمود کی شہادت سے قصہ شروع ہوا ہے۔ آہنی دیواروں اور پہریداروں کے جلو میں چلنے والے اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ محفوظ ہیں تو غلط فہمی میں ہیں۔ ایوان اقتدار کا ٹولہ عوام کو دھوکہ دے رہا ہے۔ ڈاکٹر پرویز محمود نے لیاقت آباد ٹاؤن کے ناظم کی حیثیت سے جو عوام کی خدمت کی وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں بستی ہے۔
خبر کا کوڈ : 217921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش